پاکستان سٹاک ایکسچینج میں رجسٹرڈ سیمنٹ فیکٹریوں کے منافع میں جاری مالی سال کی پہلی ششماہی میں 36 فیصد کا اضافہ

بدھ 5 مارچ 2025 17:28

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 05 مارچ2025ء) پاکستان سٹاک ایکسچینج میں رجسٹرڈ سیمنٹ فیکٹریوں کے منافع میں جاری مالی سال کی پہلی ششماہی میں سالانہ بنیادوں پر 36 فیصد کا اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے۔ سیمنٹ کمپنیوں کی جانب سے پاکستان سٹاک ایکسچینج میں جمع کردہ مالیاتی اعداد و شمار کے مطابق مالی سال کی پہلی ششماہی میں سیمنٹ کمپنیوں کو 55.98 ارب روپے کا بعد از ٹیکس منافع حاصل ہوا جو گذشتہ مالی سال کی اسی مدت کے مقابلہ میں 36 فیصد زیادہ ہے۔

(جاری ہے)

گذشتہ مالی سال کی اسی مدت میں سیمنٹ فیکٹریوں کو 41.17 ارب روپے کا بعد از ٹیکس منافع حاصل ہوا تھا۔ جاری مالی سال کی دوسری سہ ماہی میں سیمنٹ کمپنیوں کو مجموعی طور پر 32.62 ارب روپے کا خالص منافع حاصل ہوا جو گذشتہ مالی سال کی اسی مدت کے مقابلہ میں 51 فیصد زیادہ ہے۔ گذشتہ مالی سال کی اسی مدت میں سیمنٹ کمپنیوں کو 21.57 ارب روپے کا بعد از ٹیکس منافع حاصل ہوا تھا۔ مالی سال کی پہلی سہ ماہی کے مقابلہ میں دوسری سہ ماہی میں سیمنٹ کمپنیوں کے منافع میں سہ ماہی بنیادوں پر 40 فیصد کی نمو ہوئی ہے۔ پہلی سہ ماہی میں سیمنٹ کمپنیوں کو 23.35 ارب روپے کا بعد از ٹیکس منافع حاصل ہوا تھا۔

متعلقہ عنوان :