زراعت کو مختلف چیلنجز کا سامنا ہے جس سے نمٹنے کیلئے زرعی سائنسدانوں کوقابل عمل تحقیقی حل کیلئے مزید کاوشیں کرنا ہوں گی،ڈاکٹر ذوالفقار علی

جمعہ 7 مارچ 2025 12:19

فیصل آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 07 مارچ2025ء) جامعہ زرعیہ فیصل آباد کے وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر ذوالفقار علی نے کہا ہے کہ زراعت کو مختلف چیلنجز کا سامنا ہے جس سے نبردآزما ہونے کیلئے زرعی سائنسدانوں کو مسائل کے قابل عمل تحقیقی حل کیلئے مزید کاوشیں کرنا ہوں گی تاکہ نہ صرف غذائی خودکفالت کا حصول ممکن بنایا جا سکے بلکہ اس کے ساتھ ساتھ فی ایکڑ پیداوار میں اضافے کا خواب شرمندہ تعبیر کیا جا سکے۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے ڈینز کمیٹی کے اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ زرعی یونیورسٹی فیصل آباد کے ہر سائنسدان کو ایسے منصوبے سامنے لانے ہیں جس سے زراعت و دیگر شعبہ جات میں بہتری لائے جا سکے۔ انہوں نے کہا کہ موسمیاتی تبدیلیوں، پانی کی کمیابی، کم فی ایکڑ پیداوار، زمین کی زرخیزی سمیت دیگر مسائل کی وجہ سے ہماری پیداوار محدود ہے تاہم اگر ان مسائل کو سائنسی بنیادوں پر حل کیا جائے تو اس سے نہ صرف کسان کی معاشی حالت بہتر ہو گی بلکہ اس کے ساتھ ساتھ ملک بھی ترقی کرے گا۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ یونیورسٹی میں ملازمین اور طلبہ کے مسائل کے حل کیلئے تمام ممکنہ کاوشیں عمل میں لائی جائیں گی تاکہ پرسکون ماحول میں تعلیم و تحقیق کے نئے شگوفے پھوٹ سکیں۔ انہوں نے کہا کہ شفافیت اور اونرشپ کو پروان چڑھانے میں ہمیں اپنا بھرپور کردار ادا کرنا ہو گا۔ انہوں نے کہا کہ یونیورسٹی کی فضا کو ادب و احترام اور دوسروں کیلئے مدد کے جذبے سے سرشار کرنے کیلئے عملی اقدامات کئے جا رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ زرعی محقق کوئی ایسا منصوبہ سامنے لائے جس سے بین الاقوامی یا قومی سطح پر فنڈنگ حاصل کی جا سکے۔ انہوں نے کہا کہ ہمیں تعلیمی و تحقیقی ایکسی لینس کیلئے مل جل کر کوششیں کرنا ہوں گی۔ انہوں نے ڈینز، ڈائریکٹرز کے مسائل سنے اور اس کے حل کیلئے ہدایات جاری کیں۔