مسلمان عالم نے بھارتی کرکٹر محمد شامی کو روزہ نہ رکھنے پر "مجرم" قرار دیدیا

شامی نے روزہ نہ رکھ کر جرم کیا ، وہ شریعت کی نظر میں مجرم ہے، اسے خدا کو جواب دینا پڑیگا: صدر آل انڈیا مسلم جماعت مولانا شہاب الدین رضوی بریلوی

Zeeshan Mehtab ذیشان مہتاب جمعہ 7 مارچ 2025 12:53

مسلمان عالم نے بھارتی کرکٹر محمد شامی کو روزہ نہ رکھنے پر "مجرم" قرار ..
نئی دہلی (اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار ۔ 7 مارچ 2025ء ) مسلمان عالم مولانا شہاب الدین رضوی بریلوی نے روزہ نہ رکھنے پر بھارتی پیسر محمد شامی کو شریعت کے تحت "مجرم" قرار دیتے ہوئے کہا کہ یہ ایک لازمی فریضہ ہے اور اسے خدا کو جواب دینا چاہیے۔ 
آل انڈیا مسلم جماعت کے صدر مولانا شہاب الدین رضوی بریلوی کے بھارتی کرکٹر محمد شامی کو رمضان کے دوران روزہ نہ رکھنے پر ’مجرم‘ قرار دینے سے نیا تنازعہ کھڑا ہوگیا۔

بھارتی خبر ایجنسی سے بات کرتے ہوئے مولانا شہاب الدین رضوی بریلوی نے کہا کہ روزہ نہ رکھ کر اس نے جرم کیا ہے، اسے ایسا نہیں کرنا چاہیے، وہ شریعت کی نظر میں مجرم ہے، اسے خدا کو جواب دینا پڑے گا۔ 
انہوں نے کہا کہ روزہ فرض فرائض میں سے ہے اور جو اس پر عمل نہیں کرتا وہ مجرم ہے، لازمی فرائض میں سے ایک روزہ ہے، اگر کوئی صحت مند مرد یا عورت روزے کی پابندی نہیں کرتا ہے تو وہ بڑا مجرم ہے۔

(جاری ہے)

ہندوستان کی مشہور کرکٹ شخصیت محمد شامی نے میچ کے دوران پانی یا کوئی اور مشروب پیا تھا جس کا مطلب ہے کہ وہ صحت مند ہے۔ ایسی حالت میں اس نے نہ تو روزہ رکھا اور پانی پیا، اس سے لوگوں میں غلط پیغام گیا۔ 
خیال رہے کہ پاکستان کی میزبانی میں کھیلی جا رہی چیمپئنز ٹرافی میں بھارت اپنے میچ یو اے ای میں کھیل رہا ہے۔ بھارت اور نیوزی لینڈ کا فائنل 9 مارچ کو ہے۔ اس سے قبل آسٹریلیا کیخلاف سیمی فائنل میچ میں شامی کو انرجی ڈرنک پیتے دیکھا گیا تھا۔ جس کے بعد سوشل میڈیا پر کچھ لوگوں نے ان پر روزہ توڑنے کا الزام لگایا گیا۔