مسابقتی کمیشن نے بازار ٹیکنالوجیز کو ویمسول کو ایکوائر کرنے کی منظوری دے دی

جمعہ 7 مارچ 2025 18:06

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 07 مارچ2025ء) مسابقتی کمیشن آف پاکستان نے میسرز بازار ٹیکنالوجیز (پرائیویٹ) لمیٹڈ کو ویمسول (پرائیویٹ) لمیٹڈ کے 100 فیصد شیئرز ایکوائر کرنے کی منظوری دے دی ہے، بازار ٹیکنالوجیز نے کمپیٹیشن ایکٹ 2010 کے تحت پری-مرجر کلیئرنس کے لئے درخواست دی تھی۔ مسابقتی کمیشن سے جاری پریس ریلیز کے مطابق یہ حصول بازار ٹیکنالوجیز براہ راست یا اس کی ذیلی کمپنی بیٹا ہولڈنگ پرائیویٹ لمیٹڈ کے ذریعے مکمل کیا جائے گا۔

یہ کمپنیاں مارکیٹ میں الیکٹرانک منی انسٹی ٹیوشن (EMI) سروسز، پوائنٹ آف سیل (POS) ٹرمینلز اور متعلقہ خدمات فراہم کرتی ہیں چونکہ دونوں ادارے مختلف نوعیت کے کاروبار میں مصروف ہیں، اس لئے یہ انضمام مارکیٹ میں مسابقت کو متاثر کرنے کا سبب نہیں بنے گا۔

(جاری ہے)

مسابقتی کمیشن نے اس انضمام کا تفصیلی جائزہ لیا تاکہ یہ جانچا جا سکے کہ اس کا مارکیٹ کے ڈھانچے، صارفین کے انتخاب اور مجموعی مسابقت پر کیا اثر پڑے گا۔

کمپیٹیشن ایکٹ 2010 کے تحت کمیشن کا بنیادی مقصد یہ یقینی بنانا ہے کہ کوئی بھی اجارہ داری یا غیر مسابقتی عمل صارفین کے مفادات کو نقصان نہ پہنچائے۔ مکمل جائزے کے بعد کمیشن نے پایا کہ یہ حصول مارکیٹ میں کسی بھی طرح کی مسابقتی تشویش کو جنم نہیں دیتا، لہٰذا اسے کلیئرنس دے دی گئی ہے۔کمیشن تمام کاروباری اداروں کو ترغیب دیتا ہے کہ وہ کسی بھی انضمام یا حصول سے قبل کمیشن سے منظوری حاصل کریں، تاکہ مسابقتی قوانین کی پاسداری، مارکیٹ میں شفافیت اور صحت مند مسابقت کو یقینی بنایا جا سکے۔