زندگی کا پہلے روزہ رکھنے والے بچوں کی روزہ کشائی کی تقریب

ہفتہ 8 مارچ 2025 22:45

کوئٹہ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 08 مارچ2025ء) پاکستان سینٹرل مائنز لیبر فیڈریشن کے خزانچی عبدالستار کے بچوں پانچ سال کی فریال ترین اورچھے سال کے ایان خان ترین کی جانب سے اپنی زندگی کاپہلا روزہ رکھنے پر روزہ کشائی کی تقریب منعقد کی گئی۔ بچوں میں روزے سے محبت اور لگن پیدا کرنے کیلئے فریال ترین اور ایان خان ترین کی حوصلہ افزائی کیلئے انہیںخصوصی تحائف بھی دیئے گئے۔

پاکستان سینٹرل مائنز لیبر فیڈریشن کے خزانچی عبدالستار نے کہا کہ روزے کے مقاصد و تصورات کو ستائشی سرگرمیوں کے ذریعے پروان چڑھانے سے نئی نسل کی درست تربیت ممکن ہے، ہمیں چاہئے کہ اسلامی روایات و اقدار کواپنائیں اور بچوں کو بتائیں کہ ہماری اسلامی روایات کتنی پاکیزہ اور خوبصورت ہیں جن کے مطابق عمل کرکے ہم نہ صرف دنیا کی زندگی سنوار سکتے ہیں بلکہ ہمیشہ رہنے والی آخرت کی زندگی میں بھی سرخرو ہوسکتے ہیں۔

(جاری ہے)

پاکستان سینٹرل مائنز لیبر فیڈریشن کے خزانچی عبدالستار نے کہا کہ والدین کی ذمے داری ہے کہ بچوں کی دینی و اخلاقی تربیت کیلئے وقت نکالیں،بچوں کو روزہ رکھنے اور کھولنے کی دعا یاد کروائیں،انہیں درود شریف اور چھوٹی چھوٹی قرآنی سورتیں حفظ کروائیں، رمضان کے بابرکت ماہ کے دوران انہیں سونے، جاگنے، سیڑھیاں چڑھنے، اترنے، بیت الخلائمیں داخل ہونے اور نکلنے کی مسنون دعائیں یاد کرواکر انہیں ان معمولات کی پابندی کا درس دیں۔

رمضان المبارک میں بچوںکے ساتھ مل کر تلاوتِ قرآنِ پاک کا خاص اہتمام کریں،دن میں کم از کم ایک بار تلاوت کرتے ہوئے انہیں اپنے ساتھ بٹھائیں اور وہ جو پارہ پڑھ رہے ہوں ان سے ان کے سبق کی تلاوت کروائیں۔افطار کیلئے دسترخوان لگاتے وقت بچوں سے مدد لیں تاکہ ان میں خدمت کا جذبہ پیدا ہو،بچوں کے ہاتھ سے صدقہ وخیرات دلوائیں تاکہ ان میں بھی راہِ خدا میں مال خرچ کرنے اور ایثار و قربانی کا جذبہ پیدا ہو،انہیں اللہ کی بے شمار نعمتوں کا احساس دلائیں جو ان کے پاس موجود ہیں تاکہ ان میں بچپن ہی سے شکر کا جذبہ پیدا ہو۔

پاکستان سینٹرل مائنز لیبر فیڈریشن کے خزانچی عبدالستار نے کہا کہ نئی نسل کی اخلاقی و دینی تربیت وقت کی اہم ترین ضرورت ہے،والدہ بچیوں کو نماز پڑھنے کی ترغیب دیں، انہیں جائے نماز، دوپٹا یا اسکارف دیں تاکہ ان میں نماز کا شوق پیدا ہو اور انہیں اپنے ساتھ نماز پڑھانے کا اہتمام کریں اس طرح بچے اپنے بچپن ہی سے نمازاورروزے کے عادی بن جائیں گے۔