فرزند سیالکوٹ پروفیسر ڈاکٹر شہر یار نے کینسر کیئر ہسپتال قائم کرکے دکھی انسانیت کی وہ عظیم خدمت کی ہےجس کی کوئی مثال نہیں ملتی، اکرام الحق

اتوار 9 مارچ 2025 15:50

سیالکوٹ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 09 مارچ2025ء) صدر سیالکوٹ ایوان صنعت و تجارت اکرام الحق نے کہا ہے کہ فرزند سیالکوٹ پروفیسر ڈاکٹر شہر یار نے پاکستان میں کینسر کے علاج کے لئے کینسر کیئر ہسپتال قائم کرکے اس موذی مرض کے علاج کی مفت سہولت فراہم کرکے دکھی انسانیت کی جس عظیم خدمت کا آغاز کیا ہے اس کی پورے ملک میں کوئی مثال نہیں ملتی۔

ان کا اور ان کی ٹیم کا جتنا بھی شکریہ اداکیا جائے کم ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نےکینسر کیئر ہسپتال و ریسرچ سینٹر لاہور کے سیالکوٹ میں سالانہ افطار ڈنر میں بطور مہمان خصوصی خطاب کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ سیالکوٹ ایوان صنعت و تجارت کے ممبران نے نیکی اور بھلائی کے کاموں میں بڑھ چڑھ کر حصہ لینے کی جو روایت قائم کی ہے اسے جاری رکھا جائے گا اور کینسر کیئر ہسپتال جیسے دکھی انسانیت کی خدمت کے منصوبوں کی ہرممکن مالی معانت کا سلسلہ جاری رکھا جائے گا۔

(جاری ہے)

بانی و چیئرمین کینسر کیئر ہسپتال لاہور پروفیسر ڈاکٹر شہر یار نے اپنے خطاب میں کہا کہ انہوں نے پاکستان میں کینسر جیسے موذی مرض کا مفت علاج کا جو خواب دیکھا تھا اسے پورا کرنے میں پہلے دن سے ان کے آبائی ضلع سیالکوٹ کی بزنس کمیونٹی نے تعاون کیا ہے اور اب تک اس منصوبے کو مکمل کرنے میں کلیدی کردار بھی ادا کیا ہے جس کے لئے وہ سیالکوٹ کی بزنس کمیونٹی کے تہہ دل سے شکر گزار ہیں۔

انہوں نے بتایا کہ اس ہسپتال سے روزانہ آٹھ سو مریض مفت علاج کی سہولت حاصل کرتے ہیں۔ انہوں نے انکشاف کیا کہ کینسر کے علاج پر ایک پاکستانی ہسپتال میں سال میں جتنے مریضوں پر 23 ارب روپے خرچ ہوتے ہیں اس سے دوگنے مریضوں کا علاج کینسر کیئر ہسپتال میں صرف 78 کروڑ روپے میں ہوتا ہے جس سے آپ اندازہ لگا سکتے ہیں ہم آپ کے زکوٰۃ و صدقات کے عطیات کو کتنی ذمہ داری اور ایمانداری سے استعمال کرتے ہیں۔

مہمان ذی وقار ریاض الدین شیخ، چیئرمین ائر سیال فضل جیلانی ، نعیم اختر، انجینئر خاور انور خواجہ اور ڈاکٹر خرم انور خواجہ نے خطاب کرتے ہوئے کینسر کیئرہسپتال کی اعلیٰ کاکردگی کو سراہا بلکہ اپنی طرف سے گراں قدر عطیات کا بھی اعلان کیا۔ محسن سیالکوٹ خواجہ محمد انور رحمتہ اللہ علیہ کے دونوں بیٹوں انجینئر خاور انور خواجہ اور ڈاکٹر خرم انور خواجہ سمیت ان کی فیملی نے کینسر کیئر ہسپتال کے لئے ایک کروڑ پچاس ہزار روپے کے عطیے کا اعلان کیا۔

مجموعی طور پر اس تقریب میں پونے چار کروڑ روپے کے عطیات کا اعلان کیا گیا۔ تقریب کی صدارت بانی و چیئرمین پروفیسر ڈاکٹر شہریار نے کی جبکہ پروگرام کی نظامت پروفیسر ڈاکٹر اریشہ زمان اور ممتاز نوجوان صنعت کار فہد نعیم اختر نے کی۔ اس موقع پر چیئرمین اتحاد فاؤنڈر گروپ سیالکوٹ ایوان صنعت و تجارت ریاض الدین شیخ، چیئرمین ائر سیال فضل جیلانی، چیئرمین سیال حسن علی بھٹی، سابق چیئرمین سیالکوٹ انٹرنیشنل ائرپورٹ لمیٹڈ نعیم اختر، سابق صدر سیالکوٹ چیمبر آف کامرس عبدالحغفور ملک، شیخ یعقوب، ندیم انور قریشی، انجینئر خاور انور خواجہ، خواجہ مسعود اخترستارہ امتیاز، سابق صدر سیالکوٹ چیمبر ڈاکٹر خرم انور خواجہ، ملک عبدلغفور، ا عجاز اے کھوکھر ستارہ امتیاز ، سابق چیئرمین مینجمنٹ کمیٹی گورنمنٹ خواجہ محمد صفدر میڈیکل کالج سیالکوٹ ذین شبیر، فنانس سیکرٹری انجمن مغلیہ عبدالرحمن چغتائی، سیکرٹری نشروشاعت عبدالشکور مرزا، سابق نائب صدر شفیق الرحمن، مبشر بھٹی، جبکہ کینسر کیئر ہسپتال کے ارکان ڈائریکٹر ایڈمن غزالہ طارق، ہیڈ آف مارکیٹنگ ڈیپارٹمنٹ محمد اسلم ریاض، منیجر وسائل کی ترقی ایم شکیل الحسن،نیاز شگری اور حیدر علی بھی یہاں موجود تھے۔