کاشتکاروں کو گندم کے تیلے کی صورت میں محکمہ زراعت کے تجویز کردہ سپرے کرنے کی ہدایت

پیر 10 مارچ 2025 12:03

سمبڑیال (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 10 مارچ2025ء) ایگری کلچر آفیسر/ پیسٹی سائیڈ انسپکٹر محکمہ زراعت سمبڑیال صبا تحسین نے کسانوں کو ہدایت کی ہے کہ گندم کے تیلے کی بیماری کی صورت میں محکمہ زراعت کے تجویز کردہ اسپرے کریں ۔انہوں نے ان خیالات کا اظہار آج پیرکو گندم کے کاشتکاروں کے نام اپنے پیغام میں کیا۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ 15 مارچ کے بعد ٹمپریچر زیادہ ہونے سے گندم کے تیلے کا خطرہ ہوتا ہے اس لیے کسانوں کو چاہیے کہ روزانہ کی بنیاد پر اپنی فصل کا معائنہ کریں اگر تیلے کی شکایت ہوتو فوراً محکمہ زراعت کے تجویز کردہ اسپرے کریں یا محکمہ زراعت کے نمائندہ سے رابطہ کریں۔

انہوں نے کہا کہ گندم کا تیلہ ایک خطرناک بیماری ہے جس سے بہت جلد گندم بری طرح متاثر ہوتی ہے اور پیداوار میں نمایاں کمی واقع ہوجاتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ کسانوں کی راہنمائی کیلئے محکمہ زراعت کے نمائندے روزانہ کی بنیاد پر فیلڈ میں موجود ہیں ،کسی بھی ایمرجنسی کی صورت میں ان سے رابطہ کریں یا ہیلپ لائن پر کال کرکے مشورہ کریں۔