25 مارچ کے بعدبہاریہ سورج مکھی کی کاشت کی صورت میں پیداوار کم ہوسکتی ہے،آئل سیڈ ڈویلپمنٹ بورڈ

پیر 10 مارچ 2025 16:54

فیصل آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 10 مارچ2025ء) کاشتکار بہاریہ سورج مکھی کی کاشت 25مارچ تک مکمل کر لیں کیونکہ تاخیر سے کاشت کی صورت میں پیداوار کم ہونے کا خدشہ ہوتا ہے۔آئل سیڈ ڈویلپمنٹ بورڈ کے ترجمان نے کاشتکاروں کو آگاہ کیاکہ سورج مکھی کی کاشت کیلئے ایسی زمین جس میں نمی برقرار رکھنے کی صلاحیت موجود ہواور وہ زیادہ ریتلی و کلراٹھی نہ ہو مذکورہ فصل کیلئے انتہائی موذوں ہے۔

انہوں نے کہا کہ سورج مکھی کی کاشت سے قبل زمین کو اچھی طرح ہموار کر لینا چاہیے تاکہ آبپاشی میں آسانی رہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ زمین کو ہموار کرنے اور سورج مکھی کا بیج کاشت کرنے سے قبل زمین میں گہرا ہل چلا کر زمین کو تیار کیا جائے اور فصل کی بوائی کیلئے منظور شدہ بیج کا استعمال بھی یقینی بنایا جائے۔ انہوں نے بتا یا کہ مختلف علاقوں میں موسمی حالات کے باعث مختلف اقسام مختلف پیداوار فراہم کرتی ہیں لہٰذا اگر محکمہ زراعت کے فیلڈ سٹاف کی مشاورت سے بوائی کیلئے بیج کا چناؤ کیا جائے تو اس کازیادہ فائدہ ہو سکتا ہے۔

انہوں نے کہا کہ سورج مکھی کے اچھے اگاؤ کیلئے فی ایکڑ اڑھائی کلو گرام بیج کا استعمال انتہائی سود مند ہوتا ہے تاہم محکمہ زراعت کے عملہ کی مشاورت سے اس میں کمی بیشی بھی کی جا سکتی ہے۔