فیصل آباد،کاشتکار وں کو بابچی کی کاشت رواں ماہ میں مکمل کرنے کی ہدایت

پیر 10 مارچ 2025 17:07

فیصل آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 10 مارچ2025ء) کاشتکار وں کو بابچی کی کاشت رواں ماہ میں مکمل کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔ڈائریکٹرمحکمہ زراعت توسیع فیصل آبادچوہدری خالد محمودنے کہا کہ ادویاتی پودوں کی کاشت پر لاگت کم جبکہ آمدن زیادہ حاصل ہوتی ہے اسی طرح ادویاتی پودوں میں بابچی کو ایک خاص اہمیت حاصل ہے۔انہوں نے کہاکہ اس کے بیجوں کا پاؤڈر کوڑھ کی بیماری کےلئے بہت مفید ہے جبکہ اس کے بیج سانپ کے کاٹنے، بچھو کے کاٹنے اور جلدی بیماریوں میں کثرت سے استعمال کئے جاتے ہیں۔

انہوں نے بتایاکہ یہ خون کی صفائی میں مفید، پیٹ کے کیڑو ں کو مارتی اوربیرونی طورپر برص (چہرے کے سفید داغ) پر اس کا سفوف مکھن میں ملا کرلیپ کرنے سے بھی خاطر خواہ افاقہ ہوتاہے۔انہوں نے کہاکہ کاشتکار بابچی کی کاشت کےلئے 3سے4کلوگرام بیج فی ایکڑاستعمال کریں۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہاکہ ذرخیز زمین جہاں آبپاشی کیلئے پانی وافر مقدار میں موجود ہو اس کی کاشت کیلئے موزوں ہے تاہم ہلکی ریتلی اور کلراٹھی زمینیں اس کی کاشت کیلئے بالکل موزوں نہیں ہیں۔

انہوں نے کہاکہ کاشتکار زمین کی تیاری کیلئے 5سے6 مرتبہ ہل چلا کر اور سہاگہ پھیر کر مٹی باریک کرلیں اور زمین کو تیار کرتے وقت اس میں فی ایکڑ8یا10 ٹن گوبر کی گلی سڑی کھاد ایک جیسی مقدار میں سارے کھیت میں بکھیر دیں اور پھر ہل چلا کر اچھی طرح زمین میں ملادیں۔انہوں نے کہاکہ کاشتکار بوائی کے وقت ایک بوری ٹرپل فاسفیٹ ڈال دیں جبکہ اگاؤ مکمل ہونے کے بعد پہلے 60 دنوں کے اندر یوریا کھاد ڈیڑھ بوری فی ایکڑ کے حساب سے ڈالیں۔انہوں نے کہا کہ بابچی کی کاشت کے دوطریقے ہیں ایک یہ کہ ڈیڑھ ڈیڑھ فٹ کے فاصلے پرکھیلیاں بنائی جائیں اور ان کے اوپر نوانچ کے فاصلے سے بیج کے چوکے لگائیں جبکہ وتر زمین میں ہموار سطح پر لائنوں میں بھی اس کی بجائی ڈرل کی مدد سے کی جاسکتی ہے۔

متعلقہ عنوان :