مقبوضہ کشمیر ،مقدس مہینے میں فیشن شو پر سابق وزیر اعلیٰ عمر عبداللہ کا ناراضگی کا اظہار ،فوری تحقیقات کا حکم

حریت کانفرنس کے سربراہ میر واعظ عمر فاروق نے بھی اس فیشن شو کو شرم ناک اور ناقابل برداشت قرار دیا

پیر 10 مارچ 2025 17:55

مظفرآباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 10 مارچ2025ء)مقبوضہ جموں و کشمیر کے سیاحتی مقام گلمرگ میں رمضان کے مقدس مہینے کے دوران ایک فیشن شو کے انعقاد پر سابق وزیر اعلیٰ عمر عبداللہ نے ناراضگی کا اظہار کرتے ہوئے فوری تحقیقات کا حکم دے دیا ہے۔رپورٹ کے مطابق سابق وزیر اعلیٰ عمر عبداللہ نے کہاہے کہ جو تصاویر اور ویڈیوز میں نے دیکھی ہیں، ان میں مقامی روایات اور مذہبی اقدار کو مکمل طور پر نظر انداز کیا گیا ہے، وہ بھی رمضان جیسے مقدس مہینے میں، عوام کے صدمے اور غصے کو میں مکمل طور پر سمجھتا ہوں۔

انہوںنے بتایاکہ 24 گھنٹوں میں مکمل رپورٹ طلب کر لی ہے اور اس سلسلے میں سخت کارروائی کا عندیہ دیا ہے۔سرینگر کی جامع مسجد کے خطیب اور حریت کانفرنس کے سربراہ میر واعظ عمر فاروق نے اس فیشن شو کو شرم ناک اور ناقابل برداشت قرار دیا ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ رمضان جیسے مقدس مہینے میں ایک فحش فیشن شو کا انعقاد کیا گیا، جس کی تصاویر اور ویڈیوز سوشل میڈیا پر وائرل ہو رہی ہیں، یہ وادی کی صوفیانہ اور مذہبی اقدار کے سراسر خلاف ہے۔

میر واعظ عمر فاروق نے کہا کہ اس بے حیائی کو کسی بھی صورت برداشت نہیں کیا جائے گا اور اس میں ملوث افراد کو فوری طور پر جوابدہ ٹھہرایا جانا چاہیے۔دوسری جانب صارفین نے اس تقریب کے منتظمین اور حکومتی اداروں کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا ہے کہ رمضان جیسے مقدس مہینے میں ایسی سرگرمیاں ناقابل قبول ہیں۔