زراعت اور دیہی ترقی کو سائنسی بنیادوں پر استوار کرنے کیلئے جدید طریقہ کار کو اپنانا ہو گا ، وائس چانسلر جامعہ زرعیہ

منگل 11 مارچ 2025 16:51

فیصل آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 11 مارچ2025ء) جامعہ زرعیہ فیصل آباد کے وائس چانسلر ڈاکٹرمحمد سرور خاں نے کہا ہے کہ زراعت اور دیہی ترقی کو سائنسی بنیادوں پر استوار کرنے کیلئے زرعی ماہرین اور سائنسدانوں کو مربوط کاوشیں عمل میں لانا ہوں گی تاکہ غذائی استحکام اور تخفیف غربت کو یقینی بنایا جا سکے۔فیکلٹی سے بات چیت میں انہوں نے کہا کہ قدرتی وسائل، زمین، پانی اور توانائی کے بہترین استعمال اور ان کے ثمرات سے فائدہ اٹھانے کیلئے جدید طریقہ کار کو اپنانا ہو گا تاکہ زمین کی زرخیزی اور پانی کی کمیابی جیسے چیلنجز سے نبردآزما ہوا جا سکے۔

انہوں نے کہا کہ زرعی یونیورسٹی میں فارغ التحصیل طلباکی مالی معاونت سے ایلومنائی سنٹر کا قیام عمل میں لایا جائے گا تاکہ ایلومنائی کے مابین رابطوں کو فروغ دے کر زراعت کے مسائل کے حل کیلئے مشترکہ کاوشیں عمل میں لائی جا سکیں۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ 2050 میں جامعہ زرعیہ 60ہزار طلبہ کو بہترین تعلیمی و تمدنی سہولیات کیلئے حکمت عملی تیار کی جا رہی ہے تاکہ اس وقت کی ضروریات کو احسن انداز سے پورا کیا جا سکے۔

انہوں نے کہا کہ اس وقت یونیورسٹی میں پچاس فیصد سے زائد طالبات زیرتعلیم ہیں جن کو بہترین سہولیات کی فراہم کی جا رہی ہیں جن میں جدید ویمن کمپلیکس، سپورٹس کمپلیکس، ڈے کیئر سنٹر، فیسیلی ٹیشن سنٹر، ورکنگ ویمن ہاسٹل، کامن رومز شامل ہیں۔ انہوں نے کہا کہ زرعی یونیورسٹی نے دس سالہ زرعی سٹریٹیجک پلان تیار کیا ہے جس سے زرعی ترقی اور خوشحالی کا نیا باب مرتب کیا جا سکے گا۔

متعلقہ عنوان :