پنجاب میں سرمایہ کاری کیلئے بہترین وقت اور سازگار ماحول موجود ہے،چودھری شافع حسین

منگل 11 مارچ 2025 16:55

پنجاب میں سرمایہ کاری کیلئے بہترین وقت اور سازگار ماحول موجود ہے،چودھری ..
لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 11 مارچ2025ء) صوبائی وزیر صنعت و تجارت چوہدری شافع حسین سے الیکٹرک وہیکلز سیکٹر سے وابستہ انٹرنیشنل کمپنی ایرو سپیس بائکی کے وفد نے ملاقات کی۔محکمہ صنعت و تجارت کے کمیٹی روم میں ہونے والی ملاقات میں پنجاب میں سرمایہ کاری کے سازگار ماحول پر بات چیت ہوئی۔وفد میں ایرو سپیس بائکی پاکستان پرائیویٹ لمٹیڈ کے سی ای او شفقت اقبال،چین میں کمپنی کے ڈائریکٹرز اور دیگر شامل تھے۔

ایڈیشنل سیکرٹری کامرس،ڈائریکٹر پنجاب سرمایہ کاری بورڈ اور دیگر متعلقہ افسران بھی ملاقات میں موجود تھے۔صوبائی وزیر صنعت و تجارت چوہدری شافع حسین نے اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کہاکہ پنجاب میں سرمایہ کاری کیلئے بہترین وقت اور سازگار ماحول موجود ہے۔

(جاری ہے)

مقامی اور غیر ملکی سرمایہ کاروں کو بہترین سہولیات دی جارہی ہیں۔سرمایہ کاروں کے مسائل بزنس فسیلی ٹیشن سینٹرز میں ایک چھت تلے حل کئے جارہے ہیں۔

چین کی متعدد کمپنیوں نے الیکٹرک وہیکلز سیکٹر میں سرمایہ کاری پر آمادگی ظاہر کی ہے۔ایرو سپیس بائکی گروپ پنجاب میں سرمایہ کاری بڑھائے،ہر ممکن سہولت دیں گے۔چوہدری شافع حسین نے کہاکہ پنجاب حکومت کا فوکس الیکٹرک وہیکلز سیکٹر کے فروغ پر ہے۔سولر انرجی اور الیکٹرک وہیکلز سیکٹر میں سرمایہ کاری کی وسیع گنجائش موجود ہے۔غیر ملکی سرمایہ کار پنجاب میں سرمایہ کاری کے مواقع سے فائدہ اٹھائیں۔

سربراہ وفد شفقت اقبال نے کہاکہ ہمارا گروپ چین میں الیکٹرک گاڑیاں، یو پی ایس،سولر انورٹرز اور پنجاب میں بیٹریاں بنا رہا ہے۔الیکٹرک گاڑیوں کی ایسمبلنگ اور مینوفیکچرنگ کا پلانٹ پنجاب میں لگانا چاہتے ہیں۔ہمارا گروپ ای وی چارجنگ سٹیشنز لگانے میں بھی سرمایہ کاری کرے گا۔وفد کے سربراہ نے گروپ کو پنجاب میں درپیش مسائل سے بھی آگاہ کیا۔وزیرصنعت و تجارت پنجاب نے سرمایہ کار گروپ کے جائز مسائل 31 مارچ تک حل کرنے کی ہدایت کی۔