ایف آئی اے سائبر کرائم ونگ کا اداکارہ نادیہ حسین کے گھر پر چھاپہ

اداکارہ کی جانب سے مبینہ رشوت طلبی کا معاملہ سوشل میڈیا پر اٹھائے جانے کے بعد ایف آئی اے سائبر کرائم ونگ کی کاروائی، اداکارہ کا موبائل فون ضبط کر لیا گیا، پیکا ایکٹ کے تحت کاروائی کیے جانے کا امکان

muhammad ali محمد علی جمعہ 14 مارچ 2025 22:28

ایف آئی اے سائبر کرائم ونگ کا اداکارہ نادیہ حسین کے گھر پر چھاپہ
کراچی (اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار ۔ 14 مارچ 2025ء ) ایف آئی اے سائبر کرائم ونگ کا اداکارہ نادیہ حسین کے گھر پر چھاپہ، اداکارہ کی جانب سے مبینہ رشوت طلبی کا معاملہ سوشل میڈیا پر اٹھائے جانے کے بعد ایف آئی اے سائبر کرائم ونگ کی کاروائی، اداکارہ کا موبائل فون ضبط کر لیا گیا، پیکا ایکٹ کے تحت کاروائی کیے جانے کا امکان۔ تفصیلات کے مطابق مبینہ مالی فراڈ کے الزام میں اپنے شوہر کی گرفتاری کے بعد اداکارہ و ماڈل نادیہ حسین خود بھی بڑی مشکل میں پھنس گئی ہیں۔

سوشل میڈیا پر کی جانے والی پوسٹ کے باعث اداکارہ کے خلاف پیکا ایکٹ کے تحت مقدمہ درج کر لیے جانے کا امکان ہے۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق ایف آئی اے کے سائبر کرائم ونگ نے اداکارہ نادیہ حسین کے خلاف ایکشن لیا ہے۔ نادیہ حسین نے سوشل میڈیا پر کی جانے والی پوسٹ میں ایف ائی اے آفیسر کے خلاف رشوت طلبی کا الزام عائد کیا گیا جس کے بعد ایف آئی اے کی جانب سے اداکارہ کے گھر پر چھاپہ مارا گیا۔

(جاری ہے)

ایف آئی اے حکام کے مطابق اداکارہ نادیہ حسین کا موبائل تحویل میں لے لیا گیا اور ٹیکنیکل ٹیم موبائل کا فرانزک کروائے گی۔ حکام نے مزید بتایا کہ اس معاملے پر فی الحال کوئی مقدمہ درج نہیں ہوا تاہم اداکارہ کے خلاف پیکا ایکٹ کے تحت تحقیقات کا آغاز کردیا گیا۔ ایف آئی اے حکام کا کہنا ہے کہ نادیہ حسین کو بتادیا گیا تھا کہ رشوت طلب کرنے والا ایف آئی اے کا کوئی آفیسر نہیں بلکہ جعل ساز ہے۔

اداکارہ کو یہ بھی بتایا گیا تھا کہ جعل ساز نے ڈی پی پر ایف آئی اے آفیسر کی تصویر لگا کر آپ کو کال کی اور رشوت مانگی۔ حکام نے بتایا کہ اداکارہ نادیہ حسین کو ہدایت کی گئی تھی کہ جعل ساز کے خلاف سائبر کرائم رپورٹنگ سینٹر کراچی میں شکایت درج کروائیں تاہم انہوں نے ایسا کرنے کے بجائے سوشل میڈیا پر بیان دے دیا۔ ایف آئی اے حکام کے بقول جعل ساز کا تعلق وہاڑی سے ہے اور اسے جلد گرفتار کرلیا جائے گا، یہ تمام معلومات فراہم کیے جانے کے باوجود نادیہ حسین نے سوشل میڈیا پر جھوٹا الزام لگایا۔

نادیہ حسین کے رشوت طلبی کے الزامات نہ صرف حقائق کے منافی ہیں بلکہ ایک منظم ادارے کی ساکھ کو نقصان پہنچانے کی کوشش ہیں جو ایک سنگین جرم ہے۔ سوشل میڈیا پر بے بنیاد الزامات لگانا قانوناً جرم ہے، اسی لیے ایف آئی اے سائبر کرائم ونگ کراچی نے اس معاملے کا نوٹس لیتے ہوئے نادیہ حسین کے خلاف پیکا ایکٹ کے تحت باقاعدہ تحقیقات کا آغاز کر دیا ہے۔ واضح رہے کہ اداکارہ نادیہ حسین کے شوہر کو کروڑوں روپے کی خرد برد کے الزام میں گرفتار کیا گیا تھا، جس کے بعد اداکارہ نے الزام عائد کیا کہ ان سے رشوت طلب کی گئی ہے۔