Live Updates

اسرائیلی ساختہ ہاروپ ڈرون، کتنا مؤثر جنگی ہتھیار؟

DW ڈی ڈبلیو جمعہ 9 مئی 2025 18:40

اسرائیلی ساختہ ہاروپ ڈرون، کتنا مؤثر جنگی ہتھیار؟

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ ۔ DW اردو۔ 09 مئی 2025ء) پاکستان نے الزام عائد کیا ہے کہ جمعرات کے روز بھارت نے اس کی سرزمین پر کئی حملہ آور ڈرون بھیجے، جن میں سے 29 کو مار گرایا گیا۔ فوج کے مطابق، ان ڈرونز میں اسرائیلی ساختہ ہاروپ بھی شامل تھے، جو بھارت کے عسکری اثاثوں کا حصہ ہیں۔

پاکستانی فوج کے مطابق بھارت کی طرف سے داغے گئے ڈرونز میں سے ایک نے لاہور کے قریب ایک فوجی تنصیب کو نشانہ بنایا، جس کے نتیجے میں چار اہلکار زخمی ہو گئے، جبکہ دوسرا ڈرون راولپنڈی میں گرا، جو وفاقی دارالحکومت اسلام آباد کے بالکل قریب واقع ہے۔

اگرچہ بھارت نے ان براہِ راست ڈرون حملوں کی تصدیق یا تردید نہیں کی لیکن بھارتی وزارتِ دفاع نے ایک بیان میں کہا کہ اس کی مسلح افواج نے پاکستان میں ''لاہور سمیت کئی مقامات پر فضائی دفاعی ریڈارز اور سسٹمز کو نشانہ بنایا۔

(جاری ہے)

‘‘ تاہم اس بیان میں پاکستانی دعوے کے مطابق 29 ڈرونز کے مار گرائے جانے پر کوئی تبصرہ نہیں کیا گیا۔

یہ حالیہ کارروائیاں ایسے وقت میں ہوئی ہیں جب دونوں جوہری طاقتوں کے درمیان سرحدی کشیدگی تیزی سے بڑھ رہی ہے، اور دونوں جانب سے عسکری حملوں کے الزامات اور جوابی اقدامات جاری ہیں۔

ہاروپ ڈرون کتنا مؤثر ہتھیار ہے؟

بین الاقوامی انسٹیٹیوٹ برائے اسٹریٹجک اسٹڈیز (IISS) کی ملٹری بیلنس رپورٹ کے مطابق بھارت کے فوجی اثاثوں میں اسرائیلی ساختہ ہاروپ (HAROP) ڈرون بھی شامل ہے، جو اسرائیلی ایرو اسپیس انڈسٹریز (IAI) کا تیار کردہ ایک جدید ترین ہتھیار ہے۔

ہاروپ ہتھیاروں کا ایک ایسا نظام ہے، جو بغیر پائلٹ کے ایک ڈرون اور میزائل دونوں کی خصوصیات کو یکجا کرتا ہے۔ اسے طویل فاصلے سے روانہ کیا جا سکتا ہے اور یہ میدانِ جنگ میں قیمتی اہداف کو نشانہ بنانے کی صلاحیت رکھتا ہے، جیسے کہ کمانڈ اینڈ کنٹرول مراکز، سپلائی ڈپو، ٹینک اور فضائی دفاعی نظام۔

یہ ڈرون اپنے برقی بصری (Electro-optic) سینسرز کی مدد سے کسی پیشگی انٹیلی جنس کے بغیر نو گھنٹے تک فضا میں رہتے ہوئے مقررہ علاقے میں اہداف تلاش کرتا ہے، ان کی شناخت کرتا ہے اور پھر کسی بھی زاویے سے، سطحی یا عمودی غوطے کے انداز میں حملہ کرتا ہے۔

ہاروپ کو جی این ایس ایس (GNSS) جیمنگ سے محفوظ رکھنے کے لیے خصوصی طور پر ڈیزائن کیا گیا ہے، جس سے یہ انتہائی متنازعہ علاقوں میں بھی مؤثر رہتا ہے۔ یہ ''انسانی نگرانی میں‘‘ میں چلنے والا ایک ایسا ہتھیار ہے، جس کا کنٹرول ایک ریموٹ آپریٹر کے پاس ہوتا ہے، جو کسی بھی مرحلے پر مشن منسوخ کرنے کا اختیار رکھتا ہے۔

ہاروپ کو موبائل لانچرز، جیسے ٹرکوں یا بحری جہازوں پر نصب کینسٹرز سے فائر کیا جا سکتا ہے، جس سے یہ ہر طرح کے جغرافیائی حالات میں آسانی سے قابل استعمال ہے۔

شکور رحیم اے پی کے ساتھ

ادارت: افسر اعوان

Live پاک بھارت کشیدگی سے متعلق تازہ ترین معلومات