جگموہن سنگھ رینا، ستیش مہلدار کا عوامی مجلس عمل پر پابندی ہٹانے کا مطالبہ

جموں و کشمیر مختلف فرقوں اور تنظیموں میں مزید تقسیم کا متحمل نہیں ہو سکتا،ہمیں مل کر چلنا ہے

اتوار 16 مارچ 2025 14:00

سرینگر(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 16 مارچ2025ء)غیرقانونی طورپر بھارت کے زیر قبضہ جموں وکشمیرمیں آل پارٹیز سکھ کوآرڈینیشن کمیٹی کے چیئرمین جگموہن سنگھ رینا نے میر واعظ عمر فاروق کی زیر قیادت عوامی مجلس عمل پر پابندی ہٹانے کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ یہ ایک مذہبی تنظیم ہے۔کشمیر میڈیا سروس کے مطابق جگموہن سنگھ رینانے سماجی اصلاحات میں میر واعظ عمر فاروق اور ان کے مرحوم والد کے کردار کو جاگرکرتے ہوئے کہا کہ انہوں نے ہمیشہ بھائی چارے اور اتحاد کی بات کی ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ جموں و کشمیر مختلف فرقوں اور تنظیموں میں مزید تقسیم کا متحمل نہیں ہو سکتا۔ انہوں نے کہا کہ ہم کشمیر میں ہر گروپ کو الگ نہیں کر سکتے، ہمیں مل کر چلنا ہے۔جموں و کشمیر امن فورم کے رہنما ستیش مہلدار نے بھی ایک بیان میں پابندی پر تنقید کرتے ہوئے اس پر نظرثانی کا مطالبہ کیا۔انہوںنے کہاکہ ہم بھارت سے مطالبہ کرتے ہیں کہ وہ فوری طور پر اس فیصلے پر نظرثانی کرے اور کشمیری عوام کی بہتری کے لیے میر واعظ کے کام میں رکاوٹیں پیدا کرنے سے گریز کرے۔انہوں نے کہا کہ میرواعظ ایک انتہائی قابل احترام مذہبی اور سیاسی رہنما ہیں جو میر واعظ کشمیرکے قابل احترام منصب پر فائز ہیںاوراس خاندان کو کئی نسلوں سے یہ اعزاز حاصل ہے۔