بھارت :ہم پر ہندی زبان مسلط کرنے کی کوشش نہ کی جائے، پرکاش راج

اتوار 16 مارچ 2025 14:00

چنئی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 16 مارچ2025ء) بھارت کے معروف اداکار اور سیاست دان پرکاش راج نے کہا ہے کہ بی جے پی اور اس کے اتحادی دوسروں پر خاص طور پر جنوبی بھارت کی ریاستوں پرہندی زبان مسلط کرنے کی کوشش کر رہے ہیں۔کشمیر میڈیا سروس کے مطابق پرکاش راج نے ایکس پر ایک پوسٹ میں آندھرا پردیش کے نائب وزیر اعلیٰ پون کلیان کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ اپنی ہندی زبان ہم پر مسلط نہ کریں۔

(جاری ہے)

انہوںنے کہاکہ یہ دوسری زبانوں سے نفرت نہیں بلکہ یہ ہماری مادری زبان کی حفاظت اور عزت نفس کے ساتھ اپنی ثقافتی شناخت کا تحفظ ہے، براہ کرم کوئی پون کلیان کویہ بات سمجھائے۔پرکاش راج کی طرف سے یہ ردعمل جن سینا پارٹی کے 12ویں یوم تاسیس کی تقریب میں پون کلیان کی حالیہ تقریر کے جواب میں آیا ہے جہاں انہوں نے تامل ناڈو میں ہندی کے نفاذ کے حوالے سے ریاست کے سیاست دانوں پر تنقید کی تھی۔ انہوں نے کہاتھا کہ جہاں یہ لیڈر ہندی کی مخالفت کرتے ہیں، وہ مالی فائدے کے لیے تامل فلموں کو ہندی میں ڈب کرنے کی اجازت دیتے ہیں۔ہندی زبان پر پون کلیان کے بیان پر بھارت بھر میں اپوزیشن اور سوشل میڈیا صارفین کی طرف سے شدید ردعمل سامنے آیا ہے۔