گندم کی کنگی ایک خطرناک بیماری ہے ، مرض کا حملہ پتوں پر ہوتا ہے،اسسٹنٹ ڈائریکٹر محکمہ زراعت سمبڑیال

پیر 17 مارچ 2025 15:23

سمبڑیال (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 17 مارچ2025ء) اسسٹنٹ ڈائریکٹر محکمہ زراعت سمبڑیال ڈاکٹر افتخار احمد وڑائچ نے کہا ہے کہ گندم کی کنگی ایک خطرناک بیماری ہے اور اس مرض کا حملہ پتوں پر ہوتا ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے گندم کے کاشتکاروں کے نام اپنے پیغام میں کیا۔انہوں نے کہا کہ گندم کی کنگی ایک خطرناک بیماری ہے جس کا سبب ایک پھپھوندی ہے اور اس مرض کا حملہ پتوں پر ہوتا ہے۔

انہوں نے کہا کہ اس مرض کے زرد رنگ کے چھوٹے چھوٹے بیضوی شکل کے ابھرے ہوئے داغ ایک یا ایک سے زائد قطاروں میں رگوں کے متوازی یا بے ترتیب ہوتے ہیں اور یہ بیماری 10 سے 23 ڈگری سینٹی گریڈ اور مرطوب موسم میں تیزی سے پھیلتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ اس مرض سے متاثرہ پودے کمزور پڑھ جاتے ہیں،پیداواری میں کمی ہوتی ہے، پتوں کا سبزمادہ ختم ہوجاتا ہے اور فصل کی پیداواری صلاحیت بری طرح متاثر ہوتی ہے۔

(جاری ہے)

اسسٹنٹ ڈائریکٹر نے کہا کہ اس بیماری کے تدارک کیلئے محکمہ زراعت کے بتائے گئے زہروں کا استعمال کریں۔ انہوں نے کہا کہ کنگی کی بیماری کی صورت میں پروپی کونازول200 ملی لیٹرفی ایکڑ برداشت سے 30 دن پہلے،ٹرایاڈیمی فان200 گرام فی ایکڑ برداشت سے25 دن پہلے،ٹرائی فلاکسی سٹرابن65 گرام فی ایکڑ برداشت سے30 دن پہلے،فلوآکساسٹڑابن100 ملی لیٹر فی ایکڑ برداشت سے40 دن پہلے یا پائراکلوسٹروبن اورٹیپوکونازول150 ملی لیٹر فی ایکڑ برداشت سے14 دن پہلے اسپرے کریں۔انہوں نے کہا کہ مزید راہنمائی کیلئے محکمہ زراعت کے نمائندہ سے رابطہ کریں یا ہیلپ لائن سے معلومات حاصل کریں۔

متعلقہ عنوان :