ٹیکسٹائلز کی برآمدات میں 8 ماہ کے دوران 9.33فیصد اضافہ

منگل 18 مارچ 2025 10:50

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 18 مارچ2025ء) ٹیکسٹائلز کی قومی برآمدات میں رواں مالی سال کے دوران 9.33فیصد اضافہ ہوا ہے۔ ادارہ برائے شماریات پاکستان (پی بی ایس ) کے اعدادوشمارکےمطابق جاری مالی سال میں جولائی 2024تا فروری 2025کے دوران ٹیکسٹائلز کے شعبہ کی برآمدات کا حجم 12.18ارب ڈالرتک پہنچ گیا جبکہ گزشتہ مالی سال کے اسی عرصہ کے دوران شعبہ کی برآمدات سے 11.14ارب ڈالر کا زرمبادلہ کمایا گیا تھا۔

اس طرح گزشتہ مالی سال کے مقابلہ میں رواں مالی سال کے ابتدائی آٹھ ماہ کے دوران ٹیکسٹائلز کی ملکی برآمدات میں 1.04ارب ڈالر یعنی 9فیصد سے زائد کا اضافہ ہوا ہے۔ پی بی ایس کے مطابق جاری مالی سال کے دوران ٹیکسٹائل کی برآمدات میں مسلسل اضافے کا رجحان رہا ہے اور اگست 2024 میں ٹیکسٹائل کی شعبہ کی برآمدات میں 13فیصد، ستمبر 17.92فیصد ، اکتوبر 13.11 فیصد، نومبر10.81، دسمبر5.55، جنوری 2025 میں 15.85 اور فروری میں 0.44فیصد کی ماہانہ بڑھوتری ریکارڈ کی گئی ہے۔

(جاری ہے)

پی بی ایس کی رپور ٹ کے مطابق رواں مالی سال کےدوران تیار ملبوسات کی برآمدات میں بالحاظ مالیت 19.94فیصد،نٹ ویئرز17.08 اور بیڈویئرزمیں 13.11فیصد اضافہ ہوا ہے۔ اسی طرح تولیہ کی برآمدات میں 5.59فیصدجبکہ سوتی کپڑے کی برآمدات میں 1.48فیصد کی بڑھوتری ریکارڈ کی گئی ہے۔رپورٹ کے مطابق رواں مالی سال میں مجموعی قومی برآمدات میں 8.45فیصد کے اضافہ سے برآمدات کی مالیت گزشتہ مالی سال کی 20.35ارب ڈالرکے مقابلے میں 22.07ارب ڈالر تک بڑھ گئی۔\395