ملک میں گاڑیوں کی فروخت میں جاری مالی سال کے پہلے آٹھ ماہ کے دوران 50.36فیصد کا نمایاں اضافہ

منگل 18 مارچ 2025 11:00

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 18 مارچ2025ء) ملک میں گاڑیوں کی فروخت میں جاری مالی سال کے پہلے آٹھ ماہ کے دوران 50.36فیصد کا نمایاں اضافہ ہوا ہے جبکہ فروری 2025 کے دوران آٹو فنانسنگ میں 3.6فیصد کی بڑھوتری ریکارڈ کی گئی ہے۔ٹاپ لائن سکیورٹیز کی تحقیقاتی رپورٹ کے مطابق رواں مالی سال کے ابتدائی آٹھ ماہ (جولائی تا فروری ) کے دوران ملک میں گاڑیوں کی فروخت کا حجم 89ہزار770یونٹس تک پہنچ گیا جبکہ گزشتہ مالی سال کے اسی عرصہ میں 59ہزار700 گاڑیاں فروخت کی گئی تھیں۔

اس طرح گزشتہ مالی سال کے مقابلے میں جاری مالی سال کے دوران گاڑیوں کی فروخت میں 30ہزار70یونٹس یعنی 50فیصد سے زائد کا نمایاں اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے۔دوسری جانب جنوری 2025 کے مقابلے میں فروری 2025 کے دوران گاڑیوں کی خریداری کےلئے بنکوں اور مالیاتی اداروں کی جانب سے آٹو فنانسنگ کی مد میں جاری قرضہ جات میں 3.6فیصد کی بڑھوتری ہوئی ہے اورفروری 2025 میں آٹو فنانسنگ کا حجم 249ارب روپے تک بڑھ گیا جوجنوری میں 241.6ارب روپے تھا۔

(جاری ہے)

رپور ٹ کے مطابق سٹیٹ بنک آف پاکستان کی جانب سےرواں مالی سال کے پہلے آٹھ ماہ میں پالیسی ریٹ میں 10فیصد کی کمی کی گئی ہے جس کے نتیجے میں پالیسی ریٹ 22فیصد سے کم ہوکر12فیصد پر آگیا ہے۔ پالیسی ریٹ میں کمی آٹو فنانسنگ میں اضافہ کے بنیادی عوامل میں شامل ہے۔\395