ملک کے تجارتی خسارے میں جاری مالی سال کے پہلے آٹھ ماہ میں سالانہ بنیاد پر6.5فیصد اضافہ ہوا،سٹیٹ بینک

منگل 18 مارچ 2025 17:12

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 18 مارچ2025ء) ملک کے تجارتی خسارے میں جاری مالی سال کے پہلے آٹھ ماہ کے دوران سالانہ بنیاد پر6.5فیصد اضافہ ہوا ،حسابات جاریہ کے کھاتوں کاتوازن 691ملین ڈالرفاضل ریکارڈ کیا گیا ۔ سٹیٹ بینک کے اعدادوشمارکے مطابق جولائی سے فروری تک کی مدت میں پاکستان کا تجارتی خسارہ 15.80ارب ڈالر ریکارڈ کیا گیا جوگزشتہ مالی سال کی اسی مدت کے 14.84ارب ڈالر کے مقابلے میں 6.5فیصد زیادہ ہے۔

مالی سال کے پہلے آٹھ ماہ میں ملکی برآمدات کا حجم 22.074ارب ڈالر ریکارڈ کیا گیا جو گزشتہ مالی سال کی اسی مدت کے 20.35ارب ڈالر کے مقابلے میں 8.4فیصد زیادہ ہے۔فروری میں برآمدات کا حجم 2.49ارب ڈالر ریکارڈ کیا گیا جو گزشتہ سال فروری کے 2.58ارب ڈالر کے مقابلے میں 3.5فیصد کم ہے۔

(جاری ہے)

مالی سال کے پہلے آٹھ ماہ میں درآمدات کا حجم 37.87ارب ڈالرریکارڈ کیا گیا جو گزشتہ مالی سال کی اسی مدت کے 35.19ارب ڈالر کے مقابلے میں 7.6فیصد زیادہ ہے۔

فروری میں درآمدات پر4.81ارب ڈالر زمبادلہ خرچ ہوا جو گزشتہ سال فروری کے 4.30ارب ڈالرکے مقابلے میں 11.7فیصد زیادہ ہے۔سٹیٹ بنک کے مطابق جاری مالی سال کے پہلے 8ماہ میں حسابات جاریہ کے کھاتوں کاتوازن 691ملین ڈالرریکارڈکیاگیا جوگزشتہ مالی سال کی اسی مدت میں 1.730ارب ڈالرتھا۔ فروری میں حسابات جاریہ کے کھاتوں کاخسارہ 12ملین ڈالرریکارڈکیاگیا جوگزشتہ سال فروری میں 71ملین ڈالرفاضل تھا، جنوری کے مقابلے میں فروری میں حسابات جاریہ کے خسارے میں ماہانہ بنیاد پر97فیصد کمی ریکارڈکی گئی ۔

متعلقہ عنوان :