ضلع کوٹلی کے مختلف مقامات پر چھاپہ،80 لیٹر ناقص اور غیر معیاری تیل موقع پر ہی ضائع کر دیا گیا

منگل 18 مارچ 2025 17:13

دھناں(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 18 مارچ2025ء) فوڈ سیفٹی آفیسر ضلع کوٹلی منور احمد او ر اسسٹنٹ کمشنر کھوئی رٹہ تنویر الاسلام کی سربراہی میں فوڈ سیفٹی ٹیم نے ضلع کوٹلی کے مختلف مقامات کھوئی رٹہ،ڈونگی اور سیری میں معائنہ کیا کارروائی کے دوران فوڈ اینالسٹ محمد جلیل نے موقع پر خوراک کے نمونوں کے ٹیسٹ کیے، جبکہ اسسٹنٹ فوڈ سیفٹی آفیسرز (AFSOs) اسد جاوید، کامران اسحاق،انعام جاوید، محمد بشارت، عقیل اور دیگر عملہ بھی شریک تھا جدید موبائل ٹیسٹنگ وین کی مدد سے کھانے پینے کی اشیاء کا تجزیہ کیا گیا، جس سے فوری نتائج حاصل ہو سکے اور موقع پر ہی کارروائی ممکن ہوئی۔

معائنے کے دوران مجموعی طور پر 23 نمونے لیے گئے، جن میں 15 ڈیپ فرائیڈ اشیاء کے تھے۔ ٹیسٹ کے دوران 8 پانی کے نمونے غیر معیاری پائے گئے، جبکہ 14 نمونوں میں استعمال شدہ تیل کا معیار مقررہ حد (24 TPC) سے زیادہ تھا، جو انسانی صحت کے لیے نقصان دہ ہو سکتا ہے۔

(جاری ہے)

اس صورت حال کے پیش نظر ذمہ دار کاروباری افراد پر مجموعی طور پر 26,000 روپے کا جرمانہ عائد کیا گیا اور 80 لیٹر ناقص اور غیر معیاری تیل موقع پر ہی ضائع کر دیا گیا۔

فوڈ سیفٹی ٹیم نے ہوٹلوں، دکانوں اور دیگر کھانے پینے کے مراکز کو خبردار کیا کہ وہ معیاری اور محفوظ خوراک کی فراہمی یقینی بنائیں، ورنہ مزید کارروائی کا سامنا کرنا پڑے گا۔ عوام سے بھی اپیل کی گئی کہ وہ غیر معیاری خوراک کی فروخت یا ناقص اشیاء کے استعمال کی اطلاع متعلقہ حکام کو 1280 کے نمبر پر دیں تاکہ فوری ایکشن لیا جا سکے۔ اس کارروائی کا مقصد عوام کو محفوظ اور معیاری خوراک کی فراہمی یقینی بنانا ہے اور اس سلسلے میں مزید معائنے بھی کیے جائیں گے تاکہ خوراک کے معیار کو بہتر بنایا جا سکے۔