بلدیاتی نمائندگان کو بااختیار بنائے بغیر عوامی مسائل کا حل ممکن نہیں،میاں محمد عبدالقدوس

اگر عوام نے ووٹ دے کر بلدیاتی نمائندوں کو منتخب کیا ہے تو انہیں اختیارات سے محروم رکھنا سراسر نا انصافی ہے

منگل 18 مارچ 2025 17:13

مظفرآباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 18 مارچ2025ء)سابق چیئرمین ضلع زکوة نیلم و ممبر ضلع کونسل میاں محمد عبدالقدوس اسحاقی نے اپنے ایک بیان میں کہا ہے کہ بلدیاتی نمائندگان کو بااختیار بنائے بغیر عوامی مسائل کا حل ممکن نہیں۔ انہوں نے کہا کہ مقامی حکومتوں کا نظام کسی بھی جمہوری ریاست کی بنیاد ہوتا ہے، مگر بدقسمتی سے ہمارے ہاں منتخب بلدیاتی نمائندگان کو وہ اختیارات نہیں دیے جا رہے جو کہ آئین اور قانون کے تحت ان کا حق ہیں۔

ممبر ضلع کونسل نے کہا کہ اگر عوام نے ووٹ دے کر بلدیاتی نمائندوں کو منتخب کیا ہے تو انہیں اختیارات سے محروم رکھنا سراسر نا انصافی ہے۔ گراس روٹ لیول پر ترقیاتی کاموں کو مؤثر بنانے اور عوامی فلاح و بہبود کے منصوبوں کو عملی جامہ پہنانے کے لیے ضروری ہے کہ بلدیاتی نمائندوں کو مالی و انتظامی اختیارات دیے جائیں۔

(جاری ہے)

انہوں نے حکومت سے مطالبہ کیا کہ وہ بلدیاتی اداروں کو مضبوط کرے، منتخب نمائندوں کو فیصلے کرنے کا حق دے اور ترقیاتی فنڈز کو براہ راست بلدیاتی حکومتوں کے ذریعے خرچ کرنے کا طریقہ کار اپنایا جائے۔

اس سے نہ صرف عوامی مسائل تیزی سے حل ہوں گے بلکہ مقامی سطح پر کرپشن کا بھی خاتمہ ممکن ہوگا، انہوں نے اس امر کا بھی اظہار کیا کہ ممبران اسمبلی اپنی ذمہ داریاں ادا کرنے کی بجائے لوکل گورنمنٹ کے کاموں کے نام پر ووٹ لے کر عوامی مینڈیٹ کا غلط استعمال کرتے ہیں اور اس طرح عوام کی سیاسی و جمہوری سوچ محدود رہتی ہے اور وہ کھمبا، ٹوٹی، نلکا، سڑکوں کو ہی ترقی سمجھ کر اپنے حقوق اور مقامی حکومت کے فرائض سے آشنا ہی نہیں ہو پاتے۔

ان کا کہنا تھا کہ بلدیاتی سطح پر اختیارات اور رقم کی فراہمی سے ممبران اسمبلی کو یکسوئی سے قانون سازی کا موقع ملے گا جس کے لیے انہیں عوام نے بھیجا ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ اگر بلدیاتی اداروں کو ان کے جائز اختیارات دے دیے جائیں تو عوام کو اپنے مسائل کے حل کے لیے بار بار ایوانِ اقتدار کے چکر نہیں لگانے پڑیں گے۔ عوامی ترقی اور خوشحالی کے لیے بلدیاتی حکومتوں کو فعال اور مضبوط بنانا وقت کی اہم ضرورت ہے۔