سیکرٹری زراعت کی خصوصی ہدایت پرایم ڈی کی زیر صدارت پنجاب سیڈ کارپوریشن میں اجلاس

کپاس کی پیداوار بڑھانے ،مکئی ، سبزیوںکے ہائبرڈ بیجوں کی تیاری کے حوالے سے تبادلہ خیال کیا گیا موسمیاتی تبدیلیوں ،بیماریوں کے خلاف قوت مدافعت رکھنے والے بیجوں کی تیاری پر عمل پیرا ہیں‘ علی ارشد رانا

منگل 18 مارچ 2025 17:52

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 18 مارچ2025ء)سیکرٹری زراعت افتخار علی سہو کی خصوصی ہدایت پر پنجاب سیڈ کارپوریشن کے ہیڈ آفس میں اعلی سطحی اجلاس منعقد ہوا جس کی صدارت مینیجنگ ڈائریکٹر پنجاب سیڈ کارپوریشن علی ارشد رانا نے کی۔ اجلاس میں ڈپٹی مینیجنگ ڈائریکٹر ایڈمن محبوب عالم، پراجیکٹ ڈائریکٹر شابی حسن، ڈائریکٹر مارکیٹنگ سہیل عامر بخاری، ڈائریکٹر پروکیورمنٹ ملک اسحاق اعوان، ڈائریکٹر پروسیسنگ شمشاد اصغر وڑائچ، ڈپٹی ڈائریکٹر فنانس حافظ انعام الحق اعوان، ڈائریکٹر پبلک ریلیشنز شاہد قادر، پی ایس او ٹو مینیجنگ ڈائریکٹر عامر سہیل بھٹی اور دیگر افسران نے شرکت کی۔

اجلاس میں کپاس کی پیداوار بڑھانے اور ہائبرڈ بیجوں کی تیاری کے حوالے سے تبادلہ خیال کیا گیا۔

(جاری ہے)

اجلاس میں مکئی کے ہائبرڈ بیجوں کے ساتھ ساتھ سبزیوں کے ہائبرڈ بیج تیار کرنے پر اتفاق رائے پایا گیا۔ اس موقع پر مینیجنگ ڈائریکٹر پنجاب سیڈ کارپوریشن علی ارشد رانا نے میڈیا کے نمائندوں سے گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ پنجاب سیڈ کارپوریشن مختلف منصوبوں پر کام کر رہی ہے جس میں کپاس کے بیجوں کی تیاری سرفہرست ہے۔

انہوں نے کپاس کی فصل کے لیے بہاولنگر کے علاقے کو موزوں قرار دیا۔ انہوں نے کہاکہ پنجاب سیڈ کارپوریشن ہائبرڈ بیجوں کی اہمیت کو مدنظر رکھتے ہوئے مکئی کے ساتھ ساتھ سبزیوں کے ہائبرڈ بیجوں کو تیار کرنے کا عزم رکھتی ہے۔ علی ارشد رانا نے مزید بتایا کہ پنجاب سیڈ کارپوریشن اپنے ریسرچ اینڈ ڈویلپمنٹ سنٹر میں موسمیاتی تبدیلیوں اور مختلف بیماریوں کے خلاف قوت مدافعت رکھنے والے بیجوں کی تیاری پر عمل پیرا ہے۔

متعلقہ عنوان :