آزاد جموں و کشمیر پریس فاؤنڈیشن کی رکنیت کے سلسلے میں امیدواروں سے درخواستیں طلب

منگل 18 مارچ 2025 18:04

مظفرآباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 18 مارچ2025ء) آزاد جموں و کشمیر پریس فاؤنڈیشن کی رکنیت کے سلسلے میں امیدواروں سے درخواستیں طلب کر لی گئی ہیں جبکہ سابقہ درخواستوں کی چھان بین کا عمل شروع کر دیا گیا ہے۔ اس حوالے سے پریس فاؤنڈیشن کے مروجہ رولز کے مطابق نئے خواہش مند ممبران کو رکنیت کے لیے ہر سال ماہ اپریل اور اکتوبر میں مواقع فراہم کیے جاتے ہیں۔

بعض وجوہات کی بنا پر گزشتہ دو سال سے رکنیت کا عمل معطل رہا ہے، تاہم اب دوبارہ اس سلسلے میں کارروائی شروع کی گئی ہے تا کہ زیادہ سے زیادہ عامل صحافی اس موقع سے مستفید ہو سکیں۔ آمدہ درخواستوں کی چھان بین، پریس فاؤنڈیشن کے مروجہ قواعد و ضوابط کے مطابق رکنیت کے لیے کم از کم تعلیمی معیار گریجویشن اور صحافتی تجربہ کی کی کم از کم حد 3 سال مقرر ہے جب کہ امیدوار کے لیے ضروری ہے کہ وہ باشندہ ریاست اور 45 سال یا اس سے کم عمر ہو۔

(جاری ہے)

درخواستیں جمع اور شارٹ لسٹ کیے جانے کے بعد امیدواران کو تحریری اور زبانی امتحان سے گزارتے ہوئے رکنیت کے لیے معاملہ متعلقہ کمیٹی کو پیش کیا جائے گا۔ ایسے تمام امیدوار جو پہلے سے تحریری امتحان میں کامیابی حاصل کر چکے ہیں اور انہیں انٹرویو کا پہلا یا دوسرا موقع نہیں دیا گیا وہ بھی انٹرویو میں شمولیت کے لیے اپنی درخواست ارسال کر سکتے ہیں فاؤنڈیشن ریکارڈ کے مطابق اگر ان کی شکایت درست ثابت ہوئی تو اس کا ازالہ کیا جائے گا علاوہ ازیں ضلع بھمبر کے دو امیدوار جنہیں عدالت العالیہ نے رکنیت سازی کے پراسس میں شامل کرنے کا حکم دے رکھا ہے پیشہ صحافت کے ساتھ وابستگی کا تازہ ثبوت فراہم کر کے رکنیت سازی کے عمل میں شامل ہوں گے امیدوارن پریس فاؤنڈیشن کی ویب سائٹ pf.ajk.gov.pkسے متعلقہ فارم ڈاؤن لوڈ کرنے کے علاوہ وٹس ایپ نمبر 03405890589 پر میسج کر کے حاصل کر سکتے ہیں۔