ایس آئی ایف سی کی معاونت سے پاکستانی دواسازی صنعت کی عالمی مارکیٹ میں اہم پیشرفت

منگل 18 مارچ 2025 22:21

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 18 مارچ2025ء)پاکستان میں صنعتی ترقی کے لیے خصوصی سرمایہ کاری کی سہولت کاری کونسل (SIFC) کی معاونت سے دواسازی کے شعبے میں نمایاں کامیابیاں حاصل ہو رہی ہیں۔ اس سلسلے میں نجی کمپنی ہیلیون پاکستان نے ایک اہم سنگ میل عبور کرتے ہوئے عالمی معیار کی ملٹی وٹامن "سینٹرم" کی پہلی برآمد کامیابی سے مکمل کر لی ہے۔

یہ برآمدی کامیابی پاکستان کی دواسازی صنعت کے لیے ایک اہم پیشرفت ہے، جس سے نہ صرف عالمی منڈیوں میں ملکی مصنوعات کی رسائی بڑھے گی بلکہ غیر ملکی زرمبادلہ میں اضافہ بھی ممکن ہوگا۔ جامشورو میں تیار ہونے والا سینٹرم اب کینیا تک پہنچ چکا ہے، جو پاکستان کی دوا ساز کمپنیوں کے لیے بین الاقوامی سطح پر مزید تجارتی مواقع کی راہ ہموار کر رہا ہے۔

(جاری ہے)

ایس آئی ایف سی کے تحت ترجیحی شعبوں کی ترقی کے لیے کیے گئے اقدامات سے پاکستانی ادویات عالمی مارکیٹ میں اپنا مقام بنا رہی ہیں۔ اس سے قبل، سٹی فارما لمیٹڈ نے بھی پہلی بار مشرق وسطیٰ اور شمالی افریقہ کے خطے میں 5,60,000 یورو مالیت کی برآمد مکمل کی تھی۔پاکستانی کمپنیوں کی ان کامیابیوں کے پیچھے ایس آئی ایف سی کی معاونت کا کلیدی کردار ہے، جو صنعتی شعبے کو سہولیات فراہم کر کے ملکی مصنوعات کو عالمی منڈیوں تک پہنچانے میں مدد دے رہی ہے۔ ان کامیاب برآمدات سے پاکستان کی معیشت مستحکم ہوگی اور ملکی ادویات کی طلب میں مزید اضافہ متوقع ہے۔