کراچی چیمبرکی عید الفطر کی تعطیلات کے باعث ممبرشپ کی تجدید کی آخری تاریخ میں توسیع کی اپیل

بدھ 19 مارچ 2025 17:59

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 19 مارچ2025ء)کراچی چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری نے عید الفطر کی آمد کے پیش نظر ممبرشپ کی تجدید کی آخری تاریخ میں توسیع کی باضابطہ درخواست کی ہے۔ ڈائریکٹر جنرل ٹریڈ آرگنائزیشن (ڈی جی ٹی او) کو ارسال کردہ ایک خط میں کے سی سی آئی کے سیکریٹری جنرل ایس ایم ایچ رضوی نے حکام سے ممبر شپ تجدید کی آخری تاریخ کو 31 مارچ سے 30 اپریل 2025 تک توسیع کی درخواست کی تاکہ کاروباری برادری کو بغیر کسی رکاوٹ کے ممبرشپ کی تجدید کا عمل مکمل کرنے کے لیے مناسب وقت میسر آ سکے۔

کے سی سی آئی نے نشاندہی کی کہ اس کے متعدد ممبران روایتی طور پر مارچ کے آخری دنوں میں اپنی ممبرشپ کی تجدید کراتے ہیں۔ تاہم عید الفطر کی تعطیلات 29 مارچ سے شروع ہونے کے باعث، بہت سے کاروباری اداروں کو مقررہ وقت میں تجدید مکمل کرنے میں مشکلات پیش آ سکتی ہیں۔

(جاری ہے)

کے سی سی آئی نے اس بات پر زور دیا کہ آخری تاریخ میں توسیع کاروباری برادری کے لیے انتہائی فائدہ مند ثابت ہوگی جس سے ممبران کو سہولت حاصل ہوگی اور وہ تجدید کا عمل آسانی سے مکمل کر سکیں گے۔کے سی سی آئی اپنے ممبران کو سہولیات فراہم کرنے اور تجدید کے عمل کو ہموار بنانے کے لیے پرعزم ہے۔ کاروباری برادری کے بہترین مفاد میں چیمبر متعلقہ حکام سے اس درخواست پر فوری کارروائی کرنے کی اپیل کرتا ہے۔