تاجر برادری دہشت گردی کے خاتمے کیلئے مسلح افواج کے شانہ بشانہ کھڑی ہے، شاہد نذیر چوہدری

بدھ 19 مارچ 2025 20:30

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 19 مارچ2025ء) لاہور چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے نائب صدر شاہد نذیر چوہدری کہا ہے کہ ملک بھر کی تاجر برادری دہشت گردی کے مکمل خاتمے اور قومی سلامتی کے تحفظ کے لیے مسلح افواج اور دیگر قانون نافذ کرنے والے اداروں کے ساتھ کھڑی ہے۔

(جاری ہے)

بدھ کو جاری اپنے ایک بیان میں انہوں نے کہا کہ پاکستان کی سکیورٹی فورسز کی قربانیوں اور انسداد دہشت گردی کے اقدامات کی مکمل حمایت کی جا رہی ہے تاکہ سرمایہ کاری اور کاروباری سرگرمیوں کیلئے ایک محفوظ اور سازگار ماحول فراہم کیا جا سکے۔

انہوں نے کہا کہ قومی ترقی کا دارومدار امن و استحکام پر ہے اور کسی بھی داخلی و خارجی خطرے کا مقابلہ کرنے کیلئے قوم کو اپنی مسلح افواج پر مکمل اعتماد ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ دہشت گردی نہ صرف انسانی جانوں کے ضیاع کا سبب بنتی ہے بلکہ ملکی معیشت کو بھی ناقابلِ تلافی نقصان پہنچاتی ہے۔انہوں نے علاقائی ممالک اور اسٹیک ہولڈرز پر زور دیا کہ وہ دہشت گردی اور انتہاپسندی کے خلاف مشترکہ لائحہ عمل اپنائیں تاکہ خطے میں پائیدار امن، سلامتی اور ترقی کو یقینی بنایا جا سکے۔