پسرور،لہسن کے کاشت کاروں کو بیماریوں کے تدارک کے لئے تجویز کردہ زہروں کا استعمال کرنے کی ہدایت

جمعرات 20 مارچ 2025 17:30

سیالکوٹ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 20 مارچ2025ء) محکمہ زراعت پسرور نے لہسن کے کاشت کاروں کو بیماریوں کے تدارک کے لئے تجویز کردہ زہروں کا استعمال کرنے کی ہداہت کی ہے۔ زراعت آفیسر پسرور کامران باجوہ نے کہا ہے کہ لہسن کے پتوں اور تنوں کا گلائو ایک خطرناک بیماری ہے،یہ بیماری فصل پر عمر کے ہر حصہ میں حملہ آور ہوسکتی ہے،نمدار موسم میں اس بیماری کے جراثیم پتوں اور تنوں پر بھورے رنگ کے دھبوں کی شکل میں نمودار ہوتے ہیں، بعد میں ان کا رنگ سرخی مائل سیاہ ہوجاتا ہے، متاثرہ پتے اور تنے گلنے سڑنے لگ جاتے ہیں اور بیماری کی شدت میں پودا مرجاتا ہے۔

انہوں نے کہا کہ اس کے تدارک کے لئے ایزوکسی سٹروبن ،ڈائی فینا کونازول بحساب 250 ملی لیٹر فی ایکڑاور فوسٹائل ایلومینیم بحساب200 گرام فی ایکڑ سپرے کریں۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ لہسن میں اسی طرح روئی دار پھپھوندی کی بیماری بھی لاحق ہوسکتی ہے ،یہ بیماری پتوں اور بیج پیداکرنے والی ڈنڈی پر سیاہی مائل روئی دار دھبوں میں ظاہر ہوتی ہے۔انہوں نے کہا کہ اس بیماری کے تدارک کے لئے فلوایزانیام،میٹالاکسل200 ملی لیٹرفی ایکڑ،فلوماف،فوسیٹاایلومینیم500 گرام فی ایکڑ کے حساب سے سپرے کریں۔

انہوں نے کہا کہ وقت پر سپرے کرنے سے فصل بڑے نقصان سے بچ جاتی ہے اور پیداوار میں نمایاں اضافہ ممکن ہوسکتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ محکمہ زراعت کے نمائندے روزانہ کی بنیاد پر فیلڈ میں موجود ہیں ،کسی بھی ایمرجنسی کی صورت میں ان سے رجوع کریں یا ہیلپ لائن پر رابطہ کریں۔

متعلقہ عنوان :