ٹیکس نیٹ کو وسعت دینے سے تنخواہ دار طبقہ پر بوجھ کم ہوگا، بلال اظہر کیانی

جمعہ 21 مارچ 2025 15:52

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 21 مارچ2025ء) وزیر مملکت برائے ریلوے بلال اظہر کیانی نے کہا ہے کہ ٹیکس نیٹ کو وسعت دینے سے تنخواہ دار طبقہ پر بوجھ کم ہوگا،ریٹیلرز سے ٹیکس نیٹ میں نمایاں اضافہ ہوا ہے،ٹیکس محصولات میں فروری تک گزشتہ سال کی نسبت 26 فیصد اضافہ ہوا ہے۔جمعہ کو قومی اسمبلی میں توجہ دلائو نوٹس کے جواب میں انہوں نے بتایا کہ وزیر اعظم اس کا احساس کرتے ہیں کہ تنخواہ دار طبقہ پر ٹیکسوں کا بوجھ زیادہ ہے اور ہم ان کو سراہتے ہیں،ٹیکس نیٹ کو وسعت دیں گے تو یہ بوجھ کم ہوگا۔

(جاری ہے)

انہوں نے بتایاکہ رواں سال فروری تک محصولات میں 26 فیصد اضافہ ہوا ہے۔گزشتہ سال کے اس دورانیہ کے مقابلہ میں رواں سال 5 ہزار 891 ارب روپے کے مقابلے میں 7 ہزار 345 ارب روپے جمع ہوئے۔پرائمری سرپلس بھی دوگنا ہوا ہے۔شرمیلا فاروقی کے سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ تنخواہ دار طبقہ اپنے حصہ سے زیادہ ٹیکس میں حصہ ڈال رہا ہے ان میں کثریت کی تنخواہ سال کی 12 لاکھ تک ہے۔50 ہزار والے ماہانہ تنخواہ والے پر کوئی ٹیکس نہیں ہے۔ریٹیلرز سے ٹیکس کی وصولی 190 ارب سے بڑھ کر 426 ارب روپے ہوگئی ہے۔انہوں نے کہا کہ مہنگائی میں ڈیڑھ فیصد تک کمی آئی ہے۔اس پر مزید کوشاں ہیں۔لوگوں کی قوت خرید میں بہتری کے لئے حکومت کوشاں ہے۔