چوتھا ٹی ٹونٹی ، نیوزی لینڈ کا پاکستان کو کامیابی کے لیے 221 رنز کا ہدف

فن ایلن کی نصف سنچری، حارث رؤف نے 3، ابرار نے 2 جبکہ عباس آفریدی نے ایک وکٹ حاصل کی

Zeeshan Mehtab ذیشان مہتاب اتوار 23 مارچ 2025 12:58

ماؤنٹ مانگا نوئی (اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار ۔ 23 مارچ 2025ء ) نیوزی لیںڈ نے سیریز کے چوتھے ٹی20 میچ میں پاکستان کو کامیابی کے لیے 221 رنز کا ہدف دیدیا ہے۔
پاکستان نے چوتھے ٹی ٹونٹی انٹرنیشنل میں ٹاس جیت کر فیلڈنگ کا فیصلہ کیا ، ماؤنٹ مانگا نوئی میں کھیلے جانے والے میچ میں کیوی بلے بازوں نے ابتدا ہی سے جارحانہ کھیل کا مظاہرہ کرتے ہوئے اپنی ٹیم کو 59 رنز کا عمدہ آغاز فراہم کیا، میزبان ٹیم نے 3.5 اوورز میں ہی 50 رنز بٹور لیے۔

حارث رؤف نے اپنے پہلے اوور کی پہلی گیند پر 4 چھکوں اور 3 چوکوں کی مدد سے 22 گیندوں پر44 رنز بنانے والے ٹم سیفرٹ کو خوشدل شاہ کے شاندار کیچ کی بدولت آؤٹ کردیا، تاہم کیوی بلے بازوں نے جارحانہ کھیل کا مظاہرہ جاری رکھا اور 6 اوورز کے پاور پلے میں 79 رنز بناڈالے جبکہ محض 7.2 اوورز میں 100 رنز مکمل کرلیے۔

(جاری ہے)

 

نیوزی لینڈ کی دوسری وکٹ 108 رنز کے مجموعی اسکور پر گری، 2 چھکوں اور 2 چوکوں کی مدد سے 24 رنز بنانے والے مارک چیپ مین کو حارث رؤف نے کلین بولڈ کیا۔

 
 نیوزی لینڈ کی تیسری وکٹ 134 رنز پر گری، 20 گیندوں پر 50 رنز بنانے والے فن ایلن کو عباس آفریدی نے حسن نواز کے ہاتھوں کیچ آؤٹ کیا جبکہ چوتھی وکٹ 139 رنز پر گری، 3 رنز بنانے والے جیم نیشم ابرار احمد کی گیند پر وکٹ کیپر محمد حارث کے ہاتھوں کیچ آؤٹ ہوئے۔ 
149 کے مجموعی سکور پر کیویز کو پانچواں نقصان اٹھانا پڑا، 3 رنز بنانے والے مچل ہے کو بھی ابرار احمد نے محمد حارث کے ہاتھوں کیچ آؤٹ کیا۔

 
نیوزی لینڈ کی چھٹی وکٹ 206 رنز پر گری، 29 رنز بنانے والے ڈیرل مچل کو حارث رؤف نے عرفان خان کے ہاتھوں کیچ آؤٹ کیا۔ 
میچ کے اختتامی اوورز میں کپتان مائیکل بریسویل نے 26 گیندوں پر 46 رنز کی اننگز کھیلی۔ 
پاکستان کی جانب سے حارث رؤف نے 3، ابرار نے 2 جبکہ عباس آفریدی نے ایک وکٹ حاصل کی۔ 
چوتھے ٹی ٹونٹی کے لیے پاکستانی اسکواڈ میں کوئی تبدیلی نہیں کی گئی جبکہ نیوزی لینڈ کی ٹیم میں 2 تبدیلیاں کی گئی ہیں، کیلی جیمیسن اور بین سیئرز کی جگہ وِل اورورک اور جیکب ڈفی کو ٹیم میں شامل کیا گیا۔