سیالکوٹ،محکمہ زراعت کی کاشتکار وں کو بہاریہ فصلات سے سفید مکھی کا تدارک یقینی بنانے کی ہدایت

منگل 25 مارچ 2025 11:32

سیالکوٹ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 25 مارچ2025ء) محکمہ زراعت(پلانٹ پروٹیکشن ) نے کاشتکار وں کو بہاریہ فصلات سے سفید مکھی کا تدارک یقینی بنانے کی ہدایت کی ہے اور کہا ہے کہ گارڈینیہ،لینٹانا،لیہلی،کرنڈ،خربوزہ،تربوز، ٹماٹر،تمباکو،سورج مکھی،بھنڈی توری،آلو،ٹینڈا،بینگن،حلوہ کدو،کریلا،مرچ، کھیرا،ترسفید مکھی کے متبادل میزبان پودے ہیں لہٰذا کاشتکار بہاریہ فصلات سے سفید مکھی کا تدارک یقینی بنائیں۔

ڈائریکٹر پیسٹ وارننگ و کوالٹی کنٹرول آف پیسٹی سائیڈز ڈاکٹر مقصود احمد نے اے پی پی کو بتایا کہ سفید مکھی کپاس کا انتہائی نقصان دہ کیڑا ہے جو سارا سال متحرک رہتا ہے۔ انہوں نے بتایا کہ سفید مکھی کپاس کے علاوہ درج بالا متبادل میزبان پودوں پر بھی پرورش پاتی ہے اسلئے ان کا بھی خصوصی خیال رکھنا ضروری ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ سفید مکھی سے بچاؤ کیلئے کاشتکار بہاریہ فصلات اور سبزیات کی باقیات کو برداشت کے بعد فوری تلف کردیں اور خالی کھیتوں میں روٹا ویٹر چلادیں۔

انہوں نے کہا کہ جن کھیتوں میں اگلے ماہ اپریل کے دوران کپاس کاشت کرنا مقصود ہو ان کے قریب بھنڈی، توری، بینگن اور جوار کاشت نہ کیا جا ئے۔ انہوں نے کہا کہ باغات میں کپاس کی کاشت سے اجتناب سمیت کھالوں کو بھی جڑی بوٹیوں سے پاک رکھنا ہوگا۔ انہوں نے بتایا کہ پیر سے جمعہ تک صبح 9 سے شام 5 بجے تک زرعی ہیلپ لائن بھی کاشتکاروں کی رہنمائی کیلئے موجود ہے۔

متعلقہ عنوان :