آزادجموں وکشمیر یونیورسٹی شعبہ اردو نے 2 سال کے اندرپہلا ایم فل پروگرام مکمل کر لیا

اندرونی ممتحین کی ذاتی دلچسپی سے تمام اسکالرز نے مقررہ تاریخ کے اندر اپنے تحقیقی مقالہ جات جمع کروائے

منگل 25 مارچ 2025 13:56

مظفرآباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 25 مارچ2025ء)آزادجموں وکشمیر یونیورسٹی شعبہ اردو نے 2 سال کے اندرپہلا ایم فل پروگرام مکمل کر لیا،وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر ندیم حیدر بخاری نے صدر شعبہ اردو ڈاکٹر یوسف میر کے ہمراہ پہلے ایم فل اسکالرافضال عالم کو باقاعدہ رزلٹ کارڈ دے دیا،شعبہ اردو میں سیشن 2022-24کے تحت پہلی بار 15 اسکالرز نے داخلہ لیا تھا ،اندرونی ممتحین کی ذاتی دلچسپی سے تمام اسکالرز نے مقررہ تاریخ کے اندر اپنے تحقیقی مقالہ جات جمع کروائے ،جب کہ صدر شعبہ اردو کی ذاتی کاوشوں اور یونیورسٹی اکیڈمک کونسل ،شعبہ امتحانات ، ڈائریکٹوریٹ آف ایڈوانس سٹڈیز اینڈ ریسرچ کے ذمہ داران اور بیرونی ممتحین کے تعاون سے ان 15 اسکالرز کے مقالہ جات کا دو سال کے اندر دفاع بھی ہو گیا جس کے بعد مورخہ 24 مارچ 2025 کو شعبہ امتحانات سے پہلے ایم فل اسکالر افضال عالم کا رزلٹ جاری کر دیا گیا،وائس چانسلر آزادجموں وکشمیر یونیورسٹی پروفیسر ڈاکٹر ندیم حیدر بخاری نے صدر شعبہ اردو ڈاکٹر یوسف میر کے ہمراہ پہلے ایم فل اسکالر افضال عالم کو باقاعدہ طور پر رزلٹ کارڈ دیا،اس موقع پروائس چانسلر نے کہا کہ ایم فل اردو کے پہلے بیج کے نتائج دو سال کے اندر جاری ہونا ذمہ داران کی اپنے فرائض سے کمٹمنٹ ہے جس پر صدر شعبہ اردو سمیت یونیورسٹی کے تمام فورمز کو مبارک باد پیش کرتا ہوں،اس موقع پر انھوں نے شعبہ اردو کے پہلے اسکالر افضال عالم کو جو کہ ایم اے اردو میں بھی گولڈ میڈلسٹ ہیں کو مبارک باد پیش کی،دریں اثنا اسکالر نے وائس چانسلر کو بتایا کہ کنٹرولر امتحانات کی ذاتی دلچسپی،ڈائریکٹوریٹ ایڈوانس سٹڈیز اینڈ ریسرچ کے ذمہ داران کے تعاون اور صدر شعبہ کی دوڑ دھوپ کی وجہ سے آج ہمیں اپنی محنت کا پھل مل رہاہے جس پر اللہ پاک کی ذات کا شکر ادا کرتے ہوئے یونیورسٹی حکام کو خراج تحسین پیش کرتے ہیں کہ جن کی وجہ سے آج ہمیں وہ دن دیکھنا نصیب ہو رہا ہے جس کا خواب بہت پہلے ہم نے دیکھا تھا۔

متعلقہ عنوان :