راحت سویٹس اینڈ ریسٹورنٹ عجمان میں یوم پاکستان کی شاندار تقریب اور پرتکلف سحری کا اہتمام

بدھ 26 مارچ 2025 02:44

راحت سویٹس اینڈ ریسٹورنٹ عجمان میں یوم پاکستان کی شاندار تقریب اور ..
عجمان(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 26 مارچ 2025ء) 23 مارچ یوم پاکستان کے موقع پر راحت سویٹس اینڈ ریسٹورنٹ، عجمان میں ایک شاندار تقریب اور پرتکلف سحری کا اہتمام کیا گیا، جس میں مہمانِ خصوصی قونصل جنرل پاکستان حسین محمد تھے۔ تقریب میں پریس قونصلر محمد صالح سمیت مختلف شعبہ ہائے زندگی کی ممتاز شخصیات نے بھرپور شرکت کی۔ مہمانوں کا استقبال حاجی محمد یاسین، جہاں زیب، اور گلریز یاسین نے محبت، احترام اور خلوص سے کیا۔

تقریب کا آغاز جہاں زیب کی جانب سے مہمانوں کے استقبال کے ساتھ ہوا، جس میں انہوں نے کہا کہ یوم پاکستان ہمارے لیے فخر کا دن ہے اور ہمیں پاکستان کی ترقی و خوشحالی میں اپنا کردار ادا کرنا چاہیے۔ انہوں نے متحدہ عرب امارات کے حکمرانوں کا بھی شکریہ ادا کیا کہ انہوں نے پاکستانی کمیونٹی کو کاروبار کے لیے بہترین مواقع فراہم کیے۔

(جاری ہے)

تقریب میں یوم پاکستان کا خصوصی کیک کاٹا گیا۔

قونصل جنرل پاکستان حسین محمد نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان طویل جدوجہد اور قربانیوں کے بعد حاصل ہوا ہے، اور ہمیں اس کی ترقی کے لیے اتحاد، رواداری، اور ہم آہنگی کو فروغ دینا ہوگا۔ انہوں نے پاکستانی کمیونٹی پر زور دیا کہ وہ متحدہ عرب امارات کے قوانین کی مکمل پاسداری کرتے ہوئے ملک کا قیمتی اثاثہ بنیں۔ تقریب کے دوران پرتکلف سحری کا اہتمام کیا گیا، جس میں پاکستانی روایتی کھانوں جیسے کہ کچنار قیمہ، ٹینڈے گوشت، پالک آلو، لاہوری چنے، حلوہ پوری، آلو بھجیا، کریلے گوشت، لسی، اور چائے کو بے حد پسند کیا گیا۔

شرکاء نے کھانوں اور تقریب کے عمدہ انتظامات کی بھرپور تعریف کی۔ تقریب کے اختتام پر پاکستان اور متحدہ عرب امارات کی ترقی، سلامتی، اور خوشحالی کے لیے خصوصی دعا کی گئی۔ حاجی محمد یاسین کا خصوصی شکریہ ادا کیا گیا، جنہوں نے یوم پاکستان کی شاندار میزبانی کر کے پاکستان سے اپنی محبت کا عملی ثبوت دیا۔