مخلوط میل ملاقاتوں کے لیے برینڈز اور بیوٹی پارلر نے خصوصی اہمیت اختیار کر لی

بدھ 26 مارچ 2025 15:56

مظفرآباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 26 مارچ2025ء) برینڈز اور بیوٹی پارلرز کی آڑ میں غریب خاندانوں کی بچیوں کو ملازمت کا جھانسہ دے کر شعائر اسلام کی دھجیاں بکھیرنے سمیت تحریک آزادی کشمیر کے بیس کیمپ کے تقدس کو بھی پامال کیا جانے لگا۔ مخلوط میل ملاقاتوں کے لیے برینڈز اور بیوٹی پارلر نے خصوصی اہمیت اختیار کر لی، رہتی کسر بیرون ممالک ملازمتوں کا جھانسہ دے کر خوبرو خواتین نے پوری کر دی۔

میڈیا انویسٹیگیشن رپورٹ کے مطابق ازاد کشمیر کے دارالحکومت مظفرآباد پر گزشتہ ایک عرصہ سے برینڈز کی یلغار اور بیوٹی پارلرز کے کاروبار نے خاصی شہرت حاصل کر رکھی ہے۔ نو دولتیوں سمیت اشرافیہ نے مدینہ مارکیٹ کا رخ کرنا چھوڑ دیا اور اب وہ پلیٹ و دیگر مقامات پر بڑے بڑے برینڈز کے نام پر غریب اور سادہ لوح گھرانوں کی خوبرو بچیوں کو ملازمت کا جھانسہ دے کر مخلوط میل ملاقاتوں کا ذریعہ بنانے کے ساتھ ساتھ دن دگنی رات چگنی کمائی میں مشغول ہو چکے ہیں۔

(جاری ہے)

بیرون آزاد کشمیر سے مقامی با اثر و دیگر افراد کی پشت پناہی میں برینڈز اور بیوٹی پارلرز کو تحفظ فراہم کرنے والوں نے نسل نو کو میل ملاقات کا آسان ذریعہ فراہم کرنا شروع کر رکھا ہے، ان جگہوں پر باوقار اور باعزت گھرانوں کے کچے اذہان کھلے عام میل ملاقاتیں کرتے دکھائی دیتے ہیں، جس کی وجہ سے ایک طرف تو شعائر اسلام کی بے حرمتی ہو رہی ہے تو دوسری جانب نسل نو معاشرتی برائیوں کی دلدل میں دھنس رہی ہے۔

سیاسی، سماجی، مذہبی، تجارتی، عوامی، علمی، ادبی، حلقوں کے اکابرین سمیت سول سوسائٹی کے زعماء نے ارباب اختیار، ایس ایس پی مظفرآباد، ڈپٹی کمشنر مظفرآباد و دیگر سے استدعا کی ہے کہ وہ ایسے تمام بیوٹی پارلرز اور برینڈز جہاں پر نوجوان لڑکیاں تعینات ہیں، خاص کر بیرون ممالک بھیجنے کا جھانسہ دے کر خوب رو خواتین اور لڑکیوں کا استعمال کرنے والے دفاتر کا قبلہ درست کرنے کے لیے کردار ادا کریں۔