مقبوضہ جموں و کشمیر میں5603ڈینٹل سرجن بے روزگار ہیں ، قابض حکام کا اعتراف

بدھ 26 مارچ 2025 17:27

سرینگر (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 26 مارچ2025ء) غیرقانونی طورپر بھارت کے زیر قبضہ جموں وکشمیرمیں قابض حکام نے اعتراف کیا ہے کہ علاقے میں تقریباً 5603 ڈینٹل سرجن بے روزگار ہیں۔ کشمیرمیڈیاسروس کے مطابق یہ بات کنگن سے نیشنل کانفرنس کے رکن اسمبلی میاں مہر علی کے ایک سوال کے تحریری جواب میں وزیر صحت سکینہ ایتو نے قانون ساز اسمبلی کو بتائی ۔

انہوں نے کہاکہ پورے جموں و کشمیر میں تقریبا 5603 ڈینٹل سرجن بے روزگارہیں۔

(جاری ہے)

ایک اور سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ جموں ڈویژن میں ڈاکٹروں کی 980آسامیاں جبکہ کشمیر ڈویژن میں 420آسامیاں خالی ہیں۔ تاہم انہوں نے یہ نہیں بتایا کہ مقبوضہ علاقے میں مجموعی طورپر کتنے تعلیم یافتہ نوجوان بے روزگار ہیں جو یقینی طورپر لاکھوں میں ہیں۔بھارتی حکومت کی طرف سے علاقے میں ترقی اورخوشحالی کے بلندو بانگ دعوﺅں کے باوجود حقائق اس کے بالکل برعکس ہے ۔ حقیقت یہ ہے مقبوضہ علاقے میں اگست2019ءمیں دفعہ 370کی منسوخی کے بعد زندگی کا ہرشعبہ زوال پذیر ہے لیکن بھارتی حکومت اپنے عوام اورعالمی برادری کو گمراہ کرنے کے لئے جھوٹا پروپیگنڈے کا سہارا لے رہی ہے۔