مقبوضہ جموں وکشمیر،قابض حکام نے مزید پانچ سرکاری ملازمین کو برطرف کر دیا

بدھ 26 مارچ 2025 17:27

سرینگر (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 26 مارچ2025ء) غیرقانونی طورپر بھارت کے زیر قبضہ جموں وکشمیرمیں نئی دہلی کے مسلط کردہ لیفٹیننٹ گورنر منوج سنہا کی زیر قیادت قابض انتظامیہ نے مزید پانچ سرکاری ملازمین کو برطرف کر دیا ہے۔ کشمیرمیڈیاسروس کے مطابق برطرف کیے گئے ملازمین میں مقبوضہ علاقے کے مختلف محکموں سے تعلق رکھنے والے گلزار احمد ڈار، عبدالرشید بٹ، دلباغ سنگھ، گلزار احمد اور نور محمد شیخ شامل ہیں۔

(جاری ہے)

یہ برطرفیاں منشیات کی سمگلنگ میں ملوث ہونے کے الزام پر کی گئی ہیں جس کی ملازمین نے سختی سے تردید کی ہے۔ سرکاری حکم نامے میں کہا گیا ہے کہ پانچوں ملازمین کو مستقبل میں کسی بھی سرکاری محکمے میں ملازمت کے لئے نااہل قرار دیا گیا ہے۔ یہ بات قابل ذکر ہے کہ برطرفی کی مہم میں صرف مسلمانوں اور کچھ حد تک سکھوں کو نشانہ بنایا جاتا ہے۔ مقامی لوگوں کا کہنا ہے کہ یہ مقامی ملازمین کی جگہ بی جے پی اورآر ایس ایس کے حمایت یافتہ بھارتی شہریوں کو بھرتی کرنے کی وسیع تر سازش کا حصہ ہے تاکہ علاقے پر بھارت کے جابرانہ قبضے کو مزید مضبوط کیا جاسکے۔