آئندہ نسلوں کو بہتر ماحول دینے کیلئے ہر ممبر کم از کم ایک پودا ضرور لگائے، صدر فیصل آباد چیمبر

جمعرات 27 مارچ 2025 18:19

فیصل آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 27 مارچ2025ء) فیصل آباد چیمبر کے صدر ریحان نسیم بھراڑہ نے کہا ہے کہ آئندہ نسلوں کو بہتر ماحول دینے کیلئے ہر ممبر کو کم از کم ایک پودا ضرور لگانا چاہیے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے ایف سی سی آئی کمپلیکس کے بالمقابل پارک میں پودا لگانے کے بعدکیا۔ انہوں نے کہا کہ اس سال 40،45فیصد کم بارشوں کی وجہ سے خشک سالی کا خطرہ ہے جبکہ ہم جنگلات کاٹ کاٹ کر اپنی ہی تباہی کر رہے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ اس وقت فیصل آباد کواڑھائی لاکھ نئے درختوں کی ضرورت ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے اپنی طرف سے 100پودوں کا عطیہ دینے کا اعلان کیا اور کہا کہ عید کے فوراً بعد ماحولیات بارے چیمبر کی ایڈہاک کمیٹی کا اجلاس ہوگا جس میں دوسرے ممبران بھی پودوں کا عطیہ دینے کا اعلان کریں گے۔ انہوں نے کہاکہ وہ پی ایچ اے سے رابطہ میں ہیں جو جگہ کی نشاندہی کرے گی جبکہ پودے چیمبر کے ممبران خود لگائیں گے۔ اس موقع پر چیمبر کے سینئر نائب صدر قیصر شمس گچھا اور نائب صدر شاہد ممتاز باجوہ نے بھی پودے لگائے جبکہ ماحولیات بارے ایڈہاک کمیٹی کے کنوینر وحید خالق رامے نے لگائے گئے پودوں کی سلامتی کیلئے دعا کرائی۔