کے آئی یو میں یونیورسٹی،کالجوں اور سکولوں کے طلباء کے مابین نعت و قصیدہ مقابلہ

جمعرات 27 مارچ 2025 21:40

گلگت (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 27 مارچ2025ء) قراقرم انٹرنیشنل یونیورسٹی میں یونیورسٹی،کالجوں اور سکولوں کے طلباء کے مابین شاندار نعت و قصیدہ مقابلہ کا انعقاد کیا گیا۔شعبہ تعلقات عامہ کے آئی یو کے مطابق تقریب منعقد کرنے کا مقصد طلبہ و طالبات میں دینی و روحانی اقدار کو فروغ دینا اور ان کی صلاحیتوں کو اجاگر کرنا تھا۔اس مقابلے میں گلگت بلتستان کے مختلف تعلیمی اداروں سے تعلق رکھنے والے طلبہ و طالبات نے بھرپور شرکت کی اور اپنی خوبصورت و سریلی آوازوں میں نعت و قصیدہ پیش کرکے حاضرین سے خوب داد وصول کی۔

تقریب کے مہمان خصوصی پروفیسر ڈاکٹر شیر ولی تھے۔ ان کے ہمراہ یونیورسٹی کے سینئر انتظامی و تدریسی آفیسر ان،پرعزم یوتھ گلگت بلتستان، ایف ایم 99 گلگت بلتستان کے ذمہ داران سمیت طلبہ و طالبات کی کثیر تعداد نے شرکت کی۔

(جاری ہے)

بطور مہمان خصوصی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے پروفیسر ڈاکٹر شیر ولی نے منتظمین کی کاوشوں کو سراہا اور کہا کہ اس طرح کے پروگرامز سے نئی نسل میں دینی شعور اجاگر ہوتا ہے اور ان کی تخلیقی صلاحیتوں کو نکھارنے کا موقع ملتا ہے۔

ان سے قبل ڈائریکٹر اکیڈمک ڈاکٹر سجاد علی،ایڈوائزر وائس چانسلر برائے سٹوڈنٹ آفیئرز ڈاکٹر سید عارف حسین،لیکچرر ڈاکٹر ابرار حسین نے تقریب کو طلباء کی صلاحیتوں کو نکھار نے کے اہمیت کی حامل قرار دیا۔ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے پرعزم یوتھ گلگت بلتستان کے چئیرمین اذہان راجپوت نے بتایا کہ تنظیم کا مقصد ایمان، اتحاد، امن اور ترقی کے اصولوں پر عمل کرتے ہوئے نوجوانوں کو مثبت سرگرمیوں کی طرف راغب کرنا ہے۔

انہوں نے ایف ایم 99 گلگت بلتستان کا شکریہ ادا کیا جنہوں نے اس تقریب کے کامیاب انعقاد میں اہم کردار ادا کیا۔ان سے قبل ایف ایم 99 گلگت بلتستان کے ڈائریکٹر شفیع اللہ قریشی نے تقریب منعقد کرنے کا مقصد بیان کیا۔ مقابلے کے اختتام پر کامیاب طلبہ و طالبات میں انعامات تقسیم کیے گئے اور تمام شرکاء کو سرٹیفکیٹس سے نوازا گیا۔یونیورسٹی،کالجوں اور سکولوں کے طلباء کے مابین ہونے والے مقابلے میں جامعہ قراقرم شعبہ اکنامکس کے طالب علم علمدار حسین نے پہلی جبکہ سکول مقابلے میں پبلک سکول اینڈ کالج جوٹیال کے طالب علم آیان حیدر نے پہلی پوزیشن اپنے نام کئے۔

یاد رہے مقابلے کا انعقادپرعزم یوتھ گلگت بلتستان نے جامعہ قراقرم اورایف ایم 99 گلگت بلتستان کے اشتراک سے کیا تھا۔ واضح رہے کہ مقابلے میں پبلک سکول جوٹیال،آرمی پبلک سکول،دی اکیڈمی آف ایکسیلنس جوٹیال گلگت سمیت دیگر سکولوں و کالجوں کے طلباء نے شرکت کی۔جس میں دی اکیڈمی آف ایکسیلنس کے پانچویں کلاس کے طالبعلم لسان احمد شگری،پبلک سکول اینڈ کالج جوٹیال کے طالب آیان حیدر نے نعت کے فائنل مقابلے میں حصہ لیا اور پوزیشن کے ساتھ سرٹیفکیٹ حاصل کیا۔