عید کی تعطیلات کے دوران شہریوں کو نکاسی و فراہمی آب کی معیاری سروسز مہیا کرنے کی ہدایت

جمعہ 28 مارچ 2025 15:28

فیصل آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 28 مارچ2025ء) واٹر اینڈ سینی ٹیشن ایجنسی فیصل آباد کے منیجنگ ڈائریکٹر عامر عزیز نے عید تعطیلات کے دوران شہریوں کو نکاسی و فراہمی آب کی معیاری سروسز مہیا کرنے کی ہدایت کی ہے۔

(جاری ہے)

اس ضمن میں انہوں نے کہا کہ عید ایام کی تعطیلات کے دوران شہریوں کو سیوریج اور واٹر سپلائی کے حوالے سے شکایات کے اندراج کیلئے خصوصی اقدامات کئے جا رہے ہیں جس کے تحت شہریوں کو کسی بھی قسم کی سیوریج اور واٹر سپلائی کی شکایات کو ہنگامی بنیادوں پر حل کیا جائے گا۔

ایم ڈی واسا نے مزید کہا کہ آپریشنز اور واٹر ڈائریکٹوریٹس میں شہریوں کی خدمت کے لئے اضافی ڈیوٹیز بھی متعین کی جارہی ہیں جبکہ واسا ہیڈ آفس میں ٹال فری ہیلپ لائن 1334 کی مانیٹرنگ کو بھی مربوط بنایا جارہا ہے۔ انہوں نے واضح کیا کہ شہریوں کو سروسز ڈلیوری کے حوالے سے خصوصی ہدایات جاری کررکھی ہیں جس پر مکمل عمل درآمد کروایا جارہا ہے اور سروسز ڈلیوری میں کسی قسم کی کوئی غفلت قابل قبول نہیں ہو گی کیونکہ شہریوں کا اعتماد ہی واسا کی کامیابی کی ضمانت ہے۔

متعلقہ عنوان :