5 جولائی 1977ہماری تاریخ کا ایک سیاہ ترین دن ہے، بلاول بھٹو زرداری

پارٹی نے کوڑے کھائے، جیلیں کاٹیں، پھانسیاں دیکھیں، شہادتیں دیں، مگر اصولوں پر سمجھوتہ نہیں کیا،چیئرمین پیپلزپارٹی

ہفتہ 5 جولائی 2025 17:31

5 جولائی 1977ہماری تاریخ کا ایک سیاہ ترین دن ہے، بلاول بھٹو زرداری
کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 05 جولائی2025ء)چیئرمین پاکستان پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری نے 5جولائی1977 کو پاکستان کی تاریخ کا سیاہ ترین دن قرار دیتے ہوئے کہا کہ اس روز ایک ٹین-پوٹ ڈکٹیٹر نے عوام کی مرضی اور منتخب حکومت پر شب خون مار کر جمہوریت کو پیچھے دھکیل دیا۔انہوں نے واضح کیا کہ اس اقدام کا مقصد عوام کی آواز کو دبانا، غریبوں کے وقار کو پامال کرنا اور عوام کی طاقت کو چھیننا تھا، لیکن یہ خواب شہیدوں کے خون اور عوام کے دلوں میں زندہ رہا ۔

بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ اس آمریت کے نتیجے میں دہشت، مذہبی استحصال، فرقہ واریت اور جمہوری اداروں کی منظم تباہی نے پاکستان کے تنِ بدن پر گہرے زخم چھوڑے، جو آج بھی ہمارے معاشرے پر اثرانداز ہیں ۔

(جاری ہے)

انہوں نے عہد کیا کہ بلاول بھٹو زرداری اور پیپلز پارٹی ذوالفقار علی بھٹو اور بینظیر بھٹو کے وژن کے لیے مسلسل جدوجہد جاری رکھے گی، ایک ایسا پاکستان جہاں عوام خودمختار ہوں، آئین کی حکمرانی ہو، اور پارلیمان و بیلٹ باکس سے بالاتر کوئی قوت نہ ہو۔

بلاول بھٹو زرداری نے مزید کہا کہ پارٹی نے کوڑے کھائے، جیلیں کاٹیں، پھانسیاں دیکھیں، شہادتیں دیں، مگر اصولوں پر سمجھوتہ نہیں کیا؛ یہ جدوجہد تب تک جاری رہے گی جب تک پاکستان وہ جمہوری، پرامن اور خوشحال ملک نہ بن جائے جس کا خواب شہید ذوالفقار علی بھٹو نے دیکھا تھا ۔