چیف سیکرٹری خیبر پختونخوا شہاب علی شاہ کی پشاور پریس کلب میں صحافیوں کے لئے منعقدہ سپورٹس گالا کی اختتامی تقریب میں شرکت

جمعہ 28 مارچ 2025 20:30

پشاور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 28 مارچ2025ء)چیف سیکرٹری خیبر پختونخوا شہاب علی شاہ نے پشاور پریس کلب کی جانب سے ممبران اور کارکن صحافیوں کے لئے ایچ بی کے سپورٹس گالا کے انعقاد کو سراہا اور کہا کہ انہیں یہ جان کر خوشی ہوئی کہ اس سپورٹس ایونٹ میں اڑھائی سو سے زیادہ صحافیوں نے بیڈمنٹن، ٹیبل ٹینس،سنوکر، لوڈو اور کیرم بورڈ کے مقابلوں میں حصہ لیا جس سے انہیں اپنی پیشہ ورانہ مصروفیات سے ہٹ کر متنوع سرگرمی میں حصہ لینے کا موقع ملا۔

انہوں نے کہا کہ پشاور پریس کلب ایک تاریخی کردار کاحامل ہے جو صوبہ میں صحتمند صحافت کے فروغ اور صحافیوں کی فلاح و بہبود کے لئے قابل قدر خدمات سرانجام دے رہا ہے۔ چیف سیکرٹری نے اس عزم کا اظہار کیا کہ نیو ہشاور ویلی میں میڈیا انکلیوسمیت پشاور پریس کلب کے صحافیوں کو درہیش مسائل کے حل کے لئے تمام ممکنہ اقدامات کئے جائیں گے۔

(جاری ہے)

انہوں نے گورننس کی بہتری اور ڈیلیوری میں میڈیا کے کردار پر روشنی ڈالتے ہوئے کہا کہ اصلاح اور بہتری کی غرض سے کی جانے والی مثبت تنقید سے رہنمائی اور مسائل کی مشاندہی میں مدد ملتی ہے۔

تقریب کے دوران چیف سیکرٹری نے سپورٹس گالا کے دوران مختلف کھیلوں میں نمایاں کارکردگی دکھانے والے صحافیوں میں انعامات تقسیم کئے اور پشاور پریس کلب کے لئے 5 لاکھ روپے کے عطیہ کااعلان کیا۔ اس سے قبل پشاور پریس کلب کے صدر ایم ریاض نے اپنے خطاب میں پشاور پریس کلب آمد پر چیف سیکرٹری سید شہاب علی شاہ کا شکریہ ادا کیا اور ایچ بی کے رمضان سپورٹس گالا کے اغراض مقاصد پر اظہار خیال کیا، اس موقع پر خیبر یونین آف جرنلسٹس کے صدر کاشف الدین نے بھی خطاب کیا جبکہ صدر پشاور پریس کلب ایم ریاض اور سینیئر صحافی شمیم شاہد نے پریس کلب آمد پر چیف سیکرٹری کو اعزازی شیلڈ پیش کیا۔

تقسیم انعامات کی اس تقریب میں محکمہ اطلاعات و تعلقات عامہ خیبرپختونخوا کے ڈائریکٹر جنرل سلیم خان، سینیئر صحافی، پرنٹ و الیکٹرانک میڈیا کے بیوروچیفس، نیوز پیپر ایڈیٹرز، رپورٹرز، ویڈیو اور فوٹو جرنلسٹس کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔