لاہور میں عید کی شاپنگ کے بعد گھر جانیوالی خواتین سے واردات کرنے والا گینگ پکڑا گیا

گرفتار کیے جانے والے ملزمان مل کر معصوم شہریوں سے پرس اور نقد رقم چھین لیتے تھے؛ پولیس حکام

Sajid Ali ساجد علی اتوار 30 مارچ 2025 13:25

لاہور میں عید کی شاپنگ کے بعد گھر جانیوالی خواتین سے واردات کرنے والا ..
لاہور ( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 30 مارچ 2025ء ) صوبہ پنجاب کے دارالحکومت لاہور میں عید کی شاپنگ کے بعد گھر جانیوالی خواتین سے واردات کرنے والا گینگ پکڑا گیا۔ تفصیلات کے مطابق لاہور کے علاقہ شفیق آباد میں پولیس نے کارروائی کرتے ہوئے عید کی شاپنگ سے واپس گھر آنے والی خواتین سے واردات کرنے والے گینگ کو گرفتار کرلیا، گرفتار کیے جانے والے ملزمان مل کر معصوم شہریوں سے پرس اور نقد رقم چھین لیتے تھے۔

بتایا گیا ہے کہ ملزمان کی خواتین سے واردات کرنے کی سی سی ٹی وی فوٹیج بھی موجود ہے، سی سی ٹی وی فوٹیج میں ملزمان موٹر سائیکل پر آتے اور خواتین سے زبردستی پرس، موبائل اور نقدی چھین کر فرار ہوتے واضح طور پر دیکھے جاسکتے ہیں، ملزمان نے چند روز قبل ہی خواتین کے ساتھ یہ واردات انجام دی تھی۔

(جاری ہے)

پولیس حکام نے بتایا کہ گرفتار کیے گئے ملزمان شفیق آباد سمیت لاہور کے مختلف مقامات پر وارداتیں کرتے تھے، گرفتار ملزمان میں ریکارڈ یافتہ 2 ملزمان حسیب اور عمر حیات بھی شامل ہیں، ملزمان کے قبضہ سے غیر قانونی اسلحہ، موٹر سائیکل اور نقد رقم برآمد کرکے مقدمات درج کرلیے گئے ہیں جب کہ ملزمان سے تفتیش کا عمل بھی جاری ہے۔

بتایا جارہا ہے کہ سپرنٹنڈنٹ آف پولیس (ایس پی) سٹی نے متحرک اسٹریٹ کرمنلز کی گرفتاری پر اسٹیشن ہاؤس آفیسر (ایس ایچ او) شفیق آباد اور ٹیم کو شاباش دی ہے، اس حوالے سے ایس پی سٹی کیپٹن ریٹائرڈ قاضی علی رضا نے کہا کہ عید کے موقع پر شہریوں سے واردات کرنے والے متحرک گینگز کی گرفتاری کو یقینی بنایا جا رہا ہے۔