جسٹس عتیق شاہ کو چیف جسٹس پشاور ہائیکورٹ تعینات کرنے کی منظوری

جوڈیشل کمیشن اجلاس میں اس عہدے کیلئے جسٹس اعجاز انور، جسٹس عتیق شاہ اور جسٹس ارشد علی کے ناموں پر غور ہوا

Sajid Ali ساجد علی منگل 1 جولائی 2025 15:13

جسٹس عتیق شاہ کو چیف جسٹس پشاور ہائیکورٹ تعینات کرنے کی منظوری
اسلام آباد ( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 01 جولائی 2025ء ) جسٹس ایس ایم عتیق شاہ کو چیف جسٹس پشاور ہائیکورٹ تعینات کرنے کی منظوری دے دی گئی۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق چیئرمین جوڈیشل کمیشن چیف جسٹس جسٹس یحییٰ آفریدی کی زیرصدارت سندھ، بلوچستان، پشاور اور اسلام آباد ہائیکورٹ کے مستقل چیف جسٹس کی تقرری کے لیے جوڈیشل کمیشن کا اجلاس جاری ہے، جس میں چیف جسٹس اسلام آباد کیلئے جسٹس سرفراز ڈوگر، جسٹس محسن کیانی اور جسٹس میاں گل حسن اورنگزیب کے نام زیر غور ہیں جب کہ چیف جسٹس سندھ ہائیکورٹ کے لیے جسٹس جنید غفار، جسٹس ظفر راجپوت اور جسٹس اقبال کلہوڑو کے ناموں پرغور ہو رہا ہے۔

بتایا گیا ہے کہ جوڈیشل کمیشن اجلاس میں چیف جسٹس بلوچستان کے لیے جسٹس روزی خان بڑیچ، جسٹس کامران ملاخیل اور جسٹس اقبال کاسی کے ناموں پر غور ہو رہا ہے، اسی طرح چیف جسٹس پشاور ہائیکورٹ کے لیے جسٹس اعجاز انور، جسٹس عتیق شاہ اور جسٹس ارشد علی کے ناموں پر غور ہوا جس کے بعد جسٹس عتیق شاہ کے نام کی منظوری دے دی گئی، 16 رکنی جوڈیشل کمیشن نے 5 کے مقابلے میں 11 کی اکثریت سے جسٹس عتیق شاہ کو چیف جسٹس پشاور ہائیکورٹ نامزد کرنے کی منظوری دی، جسٹس منصور علی شاہ اور جسٹس منیب اختر نے جسٹس عتیق شاہ کی نامزدگی کی مخالفت کی، خیبرپختونخواہ کے وزیر قانون اور تحریک انصاف کے دو ارکان نے بھی ان کی تقرری کی مخالفت کی۔

(جاری ہے)

معلوم ہوا ہے کہ جوڈیشل کمیشن کے 13 مستقل اراکین ہیں تاہم ہائیکورٹ کے چیف جسٹس کے لیے کمیشن کے ممبران کی تعداد 16 ہوتی ہے جن میں سے کم ازکم 9 ممبران کی اکثریت سے چیف جسٹس کا تقرر ہوتا ہے، جوڈیشل کمیشن میں چیف جسٹس پاکستان، سپریم کورٹ کے 4 ججز، اٹارنی جنرل، 2 حکومتی اراکین اور 2 اپوزیشن اراکین شریک ہوتے ہیں، اس کے علاوہ جوڈیشل کمیشن میں پاکستان بار کی نمائندگی احسن بھون کر رہے ہیں، سپیکر قومی اسمبلی کی نامزد کردہ روشن خورشید بھروچہ بھی شریک ہیں، صوبائی چیف جسٹس کے لیے صوبائی وزیرقانون، ہائیکورٹ بارکا نمائندہ اور ہائیکورٹ کے سابق جج شریک ہیں۔