Live Updates

امریکا نے اسرائیل کو 51 کروڑ ڈالر مالیت کی ہتھیاروں اور تکنیکی معاونت فراہم کرنے کی منظوری دے دی

نئے ہتھیاروں کی فراہمی اسرائیل کی دفاعی صلاحیت کو مضبوط بنائے گی تاکہ وہ اپنی سرحدوں، اہم انفرااسٹرکچر اور شہری آبادیوں کو درپیش خطرات سے موثر طور پر نمٹ سکے .امریکی محکمہ خارجہ

Mian Nadeem میاں محمد ندیم منگل 1 جولائی 2025 15:10

امریکا نے اسرائیل کو 51 کروڑ ڈالر مالیت کی ہتھیاروں اور تکنیکی معاونت ..
واشنگٹن(اردوپوائنٹ اخبارتازہ ترین-انٹرنیشنل پریس ایجنسی۔یکم جولائی ۔2025 )امریکا نے اسرائیل کو 51 کروڑ ڈالر مالیت کی ہتھیاروں کی گائیڈنس کٹس اور متعلقہ تکنیکی معاونت فروخت کرنے کی منظوری دے دی ہے ترک نشریاتی ادارے کے مطابق امریکی محکمہ خارجہ نے اس مجوزہ فروخت کا اعلان کیا ہے.

(جاری ہے)

ڈیفنس سیکیورٹی کوآپریشن ایجنسی (ڈی ایس سی اے) کے بیان کے مطابق اس ممکنہ فروخت میں 3 ہزار845 عدد ’کے ایم یو-558 بی/بی جوائنٹ ڈائریکٹ اٹیک مونیشن (جے ڈی اے ایم) گائیڈنس کٹس شامل ہیں، جو بی ایل یو-109 بنکر بسٹر بموں کے ساتھ استعمال ہوتی ہیں جبکہ 3 ہزار 280 عدد کے ایم یو-572 ایف/بی جے ڈی اے ایم کٹس ’ایم کے 82 بموں کے لیے فراہم کی جائیں گی اس کے علاوہ متعلقہ انجینئرنگ، لاجسٹکس اور تکنیکی معاونت بھی اس معاہدے میں شامل ہے.

بیان میں کہا گیا ہے کہ یہ فروخت اسرائیل کی دفاعی صلاحیت کو مضبوط بنائے گی تاکہ وہ اپنی سرحدوں، اہم انفرااسٹرکچر اور شہری آبادیوں کو درپیش خطرات سے موثر طور پر نمٹ سکے بیان میں مزید کہا گیا ہے کہ یہ اقدام امریکا کے قومی مفاد میں ہے اور اس کا مقصد اسرائیل کو ایک مضبوط اور تیار دفاعی نظام فراہم کرنا ہے. ڈی ایس سی اے کے مطابق اس فروخت سے مشرقِ وسطیٰ کے فوجی توازن میں کوئی بنیادی تبدیلی نہیں آئے گی اور اس معاہدے پر عمل درآمد کے لیے امریکا کو اپنے کسی اضافی سرکاری یا نجی نمائندے کو اسرائیل بھیجنے کی ضرورت نہیں ہو گی امریکی میڈیا کے مطابق اسرائیل کو بم گائیڈنس کٹس سمیت دفاعی ساز و سامان کی فراہمی کا ٹھیکہ امریکی کمپنی بوئنگ کو دیا گیا ہے.                                                                                                                  
Live ایران اسرائیل کشیدگی سے متعلق تازہ ترین معلومات