سعودی عرب،عازمین حج و عمرہ کے لیے اردو سمیت متعدد زبانوں میں ڈیجیٹل گائیڈ جاری

جمعہ 4 اپریل 2025 09:20

مکہ مکرمہ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 04 اپریل2025ء) سعودی عرب کی وزارت حج وعمرہ نے زائرین الحرمین کی سہولت کے لیے اردو سمیت 16 زبانوں میں ڈیجیٹل گائیڈ جاری کی ہے۔سبق نیوز کے مطابق وزارتِ حج وعمرہ نے مختلف ممالک سے آنے والے زائرین کی رہنمائی کے لیے اردو، انگلش ، عربی، ترکی، فرانسیسی ، فارسی، ازبک ، انڈونیشی اوردیگر زبانوں میں اہم معلومات فراہم کی ہیں ۔

گائیڈ میں مختلف موضوعات کے بارے میں معلومات فراہم کی گئی ہیں جن میں سائبرسکیورٹی کے حوالےسے آگاہی ، قانونی و انتظامی امور ، مالیاتی معاملات (بینکنگ )اور صحت کے امور شامل ہیں جن سے زائرین بہتر طورپر مستفیض ہوسکتے ہیں۔رہنما گائیڈ میں امور حج وعمرہ کے بارے میں بھی مستند معلومات اوراہم مقامات کے حوالے سے بتایا گیا ہے جن میں جمرات (منی)، مزدلفہ ، (یوم النحر) قربانی کے ایام، یوم عرفہ گائیڈ، احرام کی پابندیاں و رہنما اصول شامل ہیں۔

(جاری ہے)

ڈیجیٹل گائیڈ میں مدینہ منورہ اور مکہ مکرمہ کے مختلف مقامات کے علاوہ مسجد نبوی میں فراہم کی جانے والی خدمات اور دیگر امور بارے تفصیلات فراہم کی گئی ہیں۔وزارتِ حج و عمرہ کی جانب سے فراہم کی جانے والی معلومات پی ڈی ایف کی صورت میں دستیاب ہیں جنہیں ڈائون لوڈ کیا جاسکتا ہے ،علاوہ ازیں آڈیو بھی فراہم کی گئی ہے۔