آئی اے ای اے کی رپورٹ ہماری ایٹمی سہولیات پر حملے کا بہانہ تھی، ایران

تہران میں قانونی کمیٹی قائم، اسرائیلی حملوں کی رپورٹ پیش کرے گی،ترجمان وزارت خارجہ

منگل 1 جولائی 2025 15:33

آئی اے ای اے کی رپورٹ ہماری ایٹمی سہولیات پر حملے کا بہانہ تھی، ایران
تہران (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 01 جولائی2025ء)ایرانی وزارت خارجہ کے ترجمان اسماعیل بقائی نے اس بات پر زور دیا ہے کہ بین الاقوامی ایٹمی توانائی ایجنسی کو سیاسی دبا سے ہٹ کر اپنے قوانین اور قراردادوں کے دائرہ کار میں کام کرنا چاہیے جیسا کہ انہوں نے کہا۔ میڈیارپورٹس کے مطابق انہوں نے تہران میں ایک قانونی کمیٹی کے قیام کا بھی اعلان کیا جو بین الاقوامی اداروں کو اسرائیلی حملوں اور ان سے ایران کو پہنچنے والے نقصانات کے بارے میں باضابطہ رپورٹ پیش کرے۔

انہوں نے کہا کہ اسرائیلی حملے بین الاقوامی قوانین کی صریح خلاف ورزی تھے۔بقائی نے اقوام متحدہ کی بین الاقوامی جوہری توانائی ایجنسی کے ڈائریکٹر جنرل رافیل گروسی کی رپورٹ کو 13 جون کو ایرانی جوہری تنصیبات پر حملے کا ایک بہانہ قرار دیا۔

(جاری ہے)

اس رپورٹ میں کہا گیا تھا کہ تہران نے انتہائی افزودہ یورینیم کی پیداوار کو تیز کر دیا ہے۔ 60 فیصد کے قریب افزدوہ یورینیم فوجی استعمال کے لیے ضروری ہے۔

انہوں نے زور دے کر کہا کہ ایران بین الاقوامی جوہری توانائی ایجنسی کے ساتھ ایسے وقت میں معمول کے تعاون کی ضمانت نہیں دے سکتا جب آئی اے ای اے کے معائنہ کاروں کی حفاظت کی ضمانت نہیں دی جا سکتی۔ یورپ کے ساتھ تعلقات کے حوالے سے بقائی نے انکشاف کیا کہ ایران اور یورپ کے درمیان رابطے جاری ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ آئندہ مذاکرات کی تاریخ ابھی طے نہیں ہوئی۔