کاہنہ میں ہوائی فائرنگ سے بچہ زخمی ،ڈی آئی جی آپریشنز کا نوٹس، مقدمہ درج، ملزم گرفتار

ہفتہ 5 اپریل 2025 19:45

A لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 05 اپریل2025ء) لاہور کے علاقے کاہنہ میں شادی کی تقریب کے دوران ہوائی فائرنگ سے 12 سالہ بچہ زخمی ہو گیا۔ ڈی آئی جی آپریشنز فیصل کامران نے واقعے کا فوری نوٹس لیتے ہوئے ملزم کے خلاف قانونی کارروائی کی ہدایت جاری کی۔ ترجمان ڈی آئی جی آپریشنز کے مطابق کاہنہ پولیس نے فوری کارروائی کرتے ہوئے واقعہ میں ملوث ملزم حسیب کو گرفتار کر لیا ہے۔

تفصیلات کے مطابق زخمی ہونے والا بچہ مزمل اپنے چچا کے ہمراہ کشمیر پتی روڈ سے گزر رہا تھا کہ اچانک شادی کی تقریب میں ہوائی فائرنگ کے نتیجے میں گولی لگنے سے زخمی ہو گیا۔ زخمی بچے کو فوری طور پر طبی امداد کے لیے ہسپتال منتقل کر دیا گیا۔ پولیس نے کارروائی کرتے ہوئے ملزم حسیب کو گرفتار کر کے اس کے قبضے سے اسلحہ بھی برآمد کر لیا ہے۔

(جاری ہے)

مقدمہ درج کر کے ملزم کو انویسٹیگیشن ونگ کے حوالے کر دیا گیا ہے۔

ڈی آئی جی آپریشنز فیصل کامران کا کہنا تھا کہ ہوائی فائرنگ اور اسلحہ کی نمائش پر مکمل پابندی عائد ہے، ایسی غفلت قیمتی انسانی جانوں کے ضیاع کا سبب بن سکتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ قانون کی خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف بلا امتیاز کارروائی جاری رکھی جائے گی۔انہوں نیعوام سے اپیل کی کہ وہ کسی بھی جگہ ہوائی فائرنگ یا غیر قانونی سرگرمی دیکھنے کی صورت میں فوری طور پر پولیس ہیلپ لائن 15 پر اطلاع دیں، تا کہ غیر قانونی عمل کرنے والوں کے خلاف بروقت کارروائی کی جا سکے۔