سیالکوٹ، کاشتکاروں کو ہلدی کی کاشت 20 اپریل تک مکمل کرنے کی ہدایت

اتوار 6 اپریل 2025 18:00

سیالکوٹ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 06 اپریل2025ء) ترجمان محکمہ زراعت سیالکوٹ نے کاشتکاروں کو ہلدی کی کاشت 20 اپریل تک مکمل کرنے کی ہدایت کی ہے۔ انہوں نے اے پی پی سے گفتگوکرتے ہوئےکہاہے کہ ہلدی کی کاشت کے لئے پانی کے اچھے نکاس والی ذرخیز میرازمین انتہائی موزوں ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہاکہ جس کھیت میں پہلے برسیم کاشت کی گئی ہو وہاں اگر 2کٹائیوں کے بعد تیسری بار کھیت میں ہل چلا کر برسیم کو مٹی میں دبادیاجائے اور 20 سے25ٹن گوبر کی گلی سڑی کھاد ڈال کر اسے اچھی طرح ہموار کرلیاجائے تووہاں ہلدی کی بہتر فصل پیدا ہو سکتی ہے۔

انہوں نے کہا کہ ایک ایکڑ رقبہ پر کاشت کے لیے ہلدی کے گچھوں میں سے 600 سے 700 کلوگرام ہلدی کی درمیان والی موٹی گٹھیاں چن لیں اور چاقو سے ان کے 2ٹکڑے کرکے 15 سے 20سینٹی میٹر کے فاصلے پر نصف میٹر قطاروں میں کاشت کریں۔انہوں نے کہاکہ ہلدی کے بیج کو کھرپے کی مدد سے 5سینٹی میٹر گہرا دب دیں اور کاشت کے بعد کھیت پر کماد کی کھوری کی 2سے 3سینٹی میٹر موٹی تہہ بچھائیں تاکہ کھیت کی نمی برقرار اور زمین کا درجہ حرارت مناسب رہ سکے۔

متعلقہ عنوان :