ماہرین زراعت کی کاشتکاروں کوقبل از وقت دھان کی پنیری کاشت نہ کرنے کی ہدایت

منگل 8 اپریل 2025 17:05

فیصل آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 08 اپریل2025ء) فیصل آباد ڈویژن کے اضلاع فیصل آباد، جھنگ، ٹوبہ ٹیک سنگھ، چنیوٹ سمیت صوبہ بھر کے چاول کی کاشت کے علاقوں میں کاشتکاروں کو20 مئی سے قبل دھان کاشت نہ کرنے کی ہدایت کی گئی ہے اور کہا گیا ہے کہ کاشتکار قبل ازوقت دھان کی کاشت سے گریز کریں تاکہ بعد ازاں انہیں کسی مالی نقصان کاسامنا نہ کرناپڑے۔

شعبہ ایگرانومی جامعہ زرعیہ فیصل آباد کے ماہرین زراعت نے بتایا کہ20 مئی سے قبل چاول کی نرسری کاشت کرنے سے فصل کو ابتدائی مراحل میں اضافی پانی کی ضرورت ہوتی ہے جو کہ زیر زمین پانی کی شرح کو متاثر کرتاہے۔انہوں نے کہا کہ 20 مئی کے بعد نرسری کاشت کرنے سے کاشتکاروں کو قدرتی بارشوں کا فائدہ ملے گا جو کہ فصل کیلئے ضروری ہیں۔

(جاری ہے)

انہوں نے مزید کہاکہ تنے کی سنڈیاں دھان کے پودوں پر انڈے دیتی ہیں اسلئے اگر اپریل سے لیکر مئی کے وسط تک دھان کی پنیری کاشت کر دی جائے تو یہ سنڈیاں ان پر انڈے دینا شروع کر دیتی ہیں جس کے باعث نہ صرف سنڈیوں کی تعداد میں برق رفتاری سے اضافہ ہو نا شروع ہو جاتا ہے بلکہ یہ سنڈیاں دھان کی فصل پر حملہ کر کے اس کو نقصان پہنچانے کا بھی موجب بنتی ہیں۔

انہوں نے کہا کہ گندم، کپاس، کماد کی طرح چاول کی فصل بھی ایک انتہائی اہم اور نقد آور فصل ہے جس کی بہتر پیداوار حاصل کر کے نہ صرف ملکی غذائی ضروریات کو پورا کیا جا سکتا ہے بلکہ اضافی پیداوار برآمد کر کے زر مبادلہ بھی حاصل کرنے میں مدد مل سکتی ہے۔انہوں نے توقع ظاہر کی کہ کاشتکار بہتر پیداوار اور مالی منفعت کے حصول کیلئے ماہرین زراعت کی ہدایا ت پر عملدرآمد یقینی بنائیں گے۔