نوجوانوں کا آئی ٹی کی جانب تیزی سے رجحان بڑھ رہا ہے، وائس چانسلر زرعی یونیورسٹی

منگل 8 اپریل 2025 18:15

حیدرآباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 08 اپریل2025ء) سندھ زرعی یونیورسٹی ٹنڈوجام کے وائس چانسلر ڈاکٹر الطاف علی سیال نے کہا ہے کہ نوجوان مکینیکل اور الیکٹریکل کی انتخاب کے بجائے تیزی سے آئی ٹی کی جانب توجہ دے رہے ہیں، مستقبل سافٹ ویئر اور سائبر سیکیورٹی ایجوکیشن کا ہے، لہٰذا مارکیٹ اور انڈسٹری اورینٹیڈ ڈگری پروگرامز کو ترجیح دینا ہوگی۔

منگل کو یہاں انفارمیشن ٹیکنالوجی سینٹرمیں منعقدہ اساتذہ کے اجلاس میں اظہارخیال کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ سندھ زرعی یونیورسٹی کے آئی ٹی سی کے گریجویٹس اہم کارنامے انجام دے رہے ہیں ، انہوں نےملکی و عالمی سطح پر مقابلوں میں اہم کامیابیاں حاصل کی ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ یونیورسٹی کے آئی ٹی ٹاور کا کام جلد مکمل کیا جائیگا اور یہ سینٹر آئی ٹی کی جدید تعلیم اور مہارتوں میں اہم کردار ادا کریگا۔

(جاری ہے)

اس موقع پر آئی ٹی سینٹر کے ڈئریکٹر ڈاکٹر میر سجاد علی ٹالپر نے کہا کہ ہماری کوشش ہے کہ یونیورسٹی کے مختلف شعبہ جات ڈیجیٹلائزیشن اور مینجمنٹ انفارمیشن سسٹم (ایم آئی ایس) پر منتقل ہوجائیں ۔ پروفیسر ڈاکٹر مختیار احمد میمن نے کہا کہ آئی ٹی سی میں اسٹوڈنٹ فوکسڈ کلچر پر توجہ دے رہے ہیں، نجی شعبے اور انڈسٹری کے ساتھ مزید روابط کیلئے ماحول کو مزید بہتر بنانے کی ضرورت ہے۔

ڈاکٹر محمد یعقوب کوندھر نے آئی ٹی سی کی کامیابیوں کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ ہم نے دو عالمی آئی ٹرپل ای کانفرنس، نئے ڈگری پروگرامز، جاب فیئر، آئی ٹی نمائشیں، گوگل سرٹیفکیشن سمیت کئی ملکی اور عالمی مقابلوں میں کامیابیاں حاصل کی ہیں اور 50 فیصد انڈسٹری اور سافٹ ویئر ھائوسز میں ہمارے گریجوئیٹس کام کر رہے ہیں۔